واشنگٹن (ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کو ایران کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر “جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں”۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے تین روز قبل سینٹ کام کو ایران پر حملے شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔ امریکی صدر نے اسی بیان کو آج اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دوبارہ جاری کیا۔
دوسری جانب ایران کے ساتھ جنگ میں ہلاک ہونے والے 4 امریکی فوجیوں کی میتیں امریکا پہنچا دی گئیں۔ صدر ٹرمپ نے ریاست ڈیلاویئر کے ڈوور ایئر فورس بیس پر قومی پرچم میں لپٹی فوجیوں کی میتیں وصول کیں۔
ادھر امریکا میں ایران کے خلاف جاری جنگ پر صدر ٹرمپ کو بڑھتی ہوئی سیاسی مخالفت کا سامنا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنگ پر اب تک تقریباً 38 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ 450 سے زائد امریکی فوجی زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

