اسلام آباد(رائٹرز، اے ایف پی، بی بی سی، الجزیرہ)ایران سے جنگ بندی مذاکرات کے سلسلے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اسلام آباد پہنچ گئے جہاں عاصم منیر، اسحاق ڈار، محسن نقوی اور دیگر حکام نے نور خان ایئر بیس پر ان کا استقبال کیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی نائب صدر کا طیارہ مشرقِ وسطیٰ کی فضائی حدود سے گریز کرتے ہوئے طویل راستے سے پاکستان پہنچا، میری لینڈ سے روانگی کے بعد طیارے نے پیرس میں تقریباً ڈھائی گھنٹے قیام کیا۔
پرواز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 3 بجے پیرس سے اسلام آباد کیلئےروانہ ہوئی جبکہ افغان فضائی حدود بھی استعمال نہیں کی گئی۔ طیارہ جارجیا، آذربائیجان، ترکمانستان اور تاجکستان سے گزرتا ہوا چترال کے قریب پاکستانی حدود میں داخل ہوا۔امریکی نائب صدر کے خصوصی طیارے نے صبح 10 بج کر 33 منٹ پر نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا۔
پاکستان آنے والے امریکی وفد میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔ روانگی سے قبل جے ڈی وینس نے میڈیا سے گفتگو میں امید ظاہر کی کہ مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے، انہوں نے کہا کہ ایران نیک نیتی دکھائے تو امریکا بھی تیار ہے۔
دوسری جانب ایرانی اعلیٰ سطحی وفد بھی گزشتہ شب اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جس کی قیادت محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی وفد میں شامل ہیں۔

