انصاف کی ناکامی سے ماورائے عدالت سزاؤں تک

پاکستان میں انصاف کی فراہمی ہمیشہ سے ایک سنگین مسئلہ رہی ہے، لیکن حالیہ واقعات نے اسے ایک نئی اور تشویش ناک جہت دے دی ہے۔ اب سوال محض یہ نہیں کہ عدالتیں بروقت انصاف کیوں فراہم نہیں کر پاتیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ کیا عدالتی نظام کی ناکامی ریاستی اداروں کو قانون ہاتھ میں لینے کا جواز فراہم کر سکتی ہے ؟ کیا پولیس کو ملزم کی گرفتاری کے ساتھ ہی سزا دینے کا اختیار بھی حاصل ہے؟ اور جب حکمران خود ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کریں تو آئین، قانون اور شہری آزادیوں کا مستقبل کیا ہوگا؟

گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پنجاب میں پیش آنے والے واقعات اس رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔ لاہور میں ایک پٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، جس کے بعد پولیس کی موجودگی میں اسی ملازم سے ملزم کو تھپڑ مروائے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے دولت اور طاقت کے غرور میں مبتلا افراد کیلئےسبق قرار دیا۔

ایک دوسرے واقعے میں سکوٹی پر سوار ایک لڑکی پر تشدد کے بعد وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے متاثرہ لڑکی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے مبینہ حملہ آور کو اتنے ہی تھپڑ مارے جتنے اسے مارے گئے تھے۔ تاہم لڑکی نے ایسا کرنے سے انکار کرتے ہوئے حکومتی تحفظ اور انصاف کی یقین دہانی کو کافی قرار دیا۔

اسی دوران فیصل آباد کے ایک شاپنگ پلازے میں خاتون سیلز اسسٹنٹ پر تشدد کی ویڈیو سامنے آئی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا، لیکن بعدازاں تھانے میں بنائی گئی ایک دوسری ویڈیو سامنے آئی جس میں متاثرہ خاتون ہتھکڑی لگے ملزم کو تھپڑ مار رہی تھی۔ وزیراعلیٰ نے یہ ویڈیو بھی شیئر کی اور کمزور افراد پر ہاتھ اٹھانے والوں کو خبردار کیا۔

پھر ایک اور واقعہ لاہور کی گرین الیکٹرک بس میں پیش آیا، جہاں کنڈکٹر نے ایک لڑکی کو دھکا دیا۔ وزیراعلیٰ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے محض ملازمت سے برطرفی کو ناکافی قرار دیا اور کنڈکٹر کو متاثرہ لڑکی کے گھر جا کر سب کے سامنے معافی مانگنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں کنڈکٹر کی دونوں کان پکڑ کر معافی مانگنے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی۔

ان واقعات میں متاثرہ افراد کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی مذمت اور فوری حکومتی مداخلت یقیناً ضروری تھی۔ ہمارے معاشرے میں خواتین، محنت کشوں اور کمزور طبقات کے ساتھ طاقت کے بل پر ناروا سلوک ایک تلخ حقیقت ہے۔ تاہم سوال یہ ہے کہ مظلوم کی حمایت اور ملزم کو قانون سے ہٹ کر سزا دینے کے درمیان حد کہاں قائم ہوگی؟ کیا کسی شخص پر الزام لگنے یا اس کی ویڈیو سامنے آنے سے اس کے قانونی حقوق ختم ہو جاتے ہیں؟ کیا تھانے میں تھپڑ مروانا یا سرکاری دباؤ کے تحت سرعام تذلیل کرنا انصاف کا متبادل بن سکتا ہے؟

اس سے بھی اہم سوال سیاسی قیادت کے کردار کا ہے۔ جب صوبے کا اعلیٰ ترین انتظامی عہدیدار ایسے اقدامات کی تشہیر اور حوصلہ افزائی کرے تو پولیس کو کیا پیغام ملتا ہے؟ کیا اس سے یہ تاثر نہیں ابھرتا کہ قانونی تقاضوں کے بجائے فوری اور نمایاں سزا دینا حکومتی پذیرائی حاصل کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے؟

یہ معاملات محض تھپڑوں اور عوامی معافی تک محدود نہیں۔ پنجاب میں پولیس مقابلوں کے دوران بڑی تعداد میں مشتبہ افراد کی ہلاکتیں کہیں زیادہ سنگین سوالات اٹھاتی ہیں۔ انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی فروری 2026 کی رپورٹ کے مطابق، 2025 کے آٹھ ماہ کے دوران کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے کم از کم 670 پولیس مقابلوں میں 924 مشتبہ افراد ہلاک ہوئے، جبکہ صرف دو پولیس اہلکار جان سے گئے۔ کمیشن نے مبینہ جعلی مقابلوں کے رجحان کی نشاندہی کرتے ہوئے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ متعلقہ ادارے نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے، تاہم اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتیں آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا تقاضا ضرور کرتی ہیں۔

سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے بھی پولیس تشدد اور زیرِ حراست افراد کی مشکوک ہلاکتوں کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔ اگرچہ ان واقعات کی نوعیت یکساں نہیں، لیکن ایک مشترکہ سوال ضرور موجود ہے: کیا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اختیارات پر مؤثر نگرانی اور جواب دہی کا نظام موجود ہے؟

اس صورتحال کا ایک اور اہم پہلو عوامی ردعمل ہے۔ معاشرے کا ایک طبقہ پولیس مقابلوں، ملزمان کی تذلیل اور تشدد کو فوری انصاف قرار دے کر سراہتا ہے۔ اس ردعمل کو محض جذباتیت کہہ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے پیچھے نظامِ انصاف کی کئی دہائیوں پر محیط افسوس ناک ناکامیاں ہیں۔

پاکستان میں عام شہری کیلئے انصاف کا حصول طویل، مہنگا اور اکثر ناقابلِ برداشت عمل بن چکا ہے۔ مقدمات برسوں چلتے ہیں، تفتیش ناقص ہوتی ہے، شواہد ضائع ہو جاتے ہیں، گواہ دباؤ میں آ کر بیانات بدل دیتے ہیں اور کمزور استغاثہ الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہتا ہے۔ بااثر ملزمان اکثر اپنے وسائل اور تعلقات کے ذریعے قانونی کارروائی پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ نتیجتاً متاثرہ خاندان انصاف کے انتظار میں زندگی گزار دیتے ہیں اور عوام کا نظامِ انصاف پر اعتماد مسلسل کم ہوتا جاتا ہے۔

تاہم کسی ملزم کی بریت ہمیشہ عدالت کی ناکامی نہیں ہوتی۔ اگر پولیس قابلِ اعتماد شواہد اکٹھے نہ کر سکے یا استغاثہ جرم ثابت کرنے میں ناکام رہے تو عدالت محض عوامی دباؤ پر سزا نہیں دے سکتی۔ بے گناہ کو سزا سے بچانا بھی انصاف کا اتنا ہی اہم تقاضا ہے جتنا مجرم کو سزا دلوانا۔

اصل مسئلہ یہ ہے کہ جب ناقص تفتیش، کمزور استغاثہ یا غیرضروری تاخیر کے باعث سنگین مقدمات ناکام ہوتے ہیں تو ذمہ دار اداروں کا احتساب کیوں نہیں ہوتا؟ اگر بدعنوانی، دانستہ غفلت یا شواہد ضائع کرنے کے باعث کوئی ملزم قانونی گرفت سے بچ نکلے تو متعلقہ اہلکار جواب دہ کیوں نہیں ٹھہرتے؟ اداروں کی اصلاح کے بجائے فوری سزا کے غیرقانونی راستے کیوں تلاش کیے جاتے ہیں؟

یہی وہ مقام ہے جہاں انصاف اور انتقام کے درمیان فرق دھندلا جاتا ہے۔

کسی ملزم کو تھانے میں تھپڑ مارنا، سرعام ذلیل کرنا یا مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کر دینا عوامی غصے کو وقتی تسکین دے سکتا ہے، اور شاید کچھ لوگ ایسے اقدامات کو سراہتے بھی ہوں، مگر انہیں انصاف نہیں کہا جا سکتا۔ پولیس کو حقیقی مسلح خطرے کے مقابلے میں قانون کے مطابق ضروری طاقت استعمال کرنے کا اختیار ضرور حاصل ہے، لیکن زیرِ حراست یا ہتھیار ڈالنے والے شخص کو سزا دینا اس اختیار کا حصہ نہیں۔

آج اگر ایسے اقدامات مبینہ ڈاکوؤں، قاتلوں یا بااثر افراد کے خلاف قابلِ قبول سمجھے جائیں تو کل یہی اختیار سیاسی مخالفین، ذاتی دشمنیوں کا شکار افراد یا بے گناہ شہریوں کے خلاف بھی استعمال ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی تاریخ ریاستی اختیارات کے غلط استعمال کی مثالوں سے خالی نہیں۔

خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد کے تناظر میں یہ سوال مزید اہم ہو جاتا ہے۔ دہشت گردی ریاست کے لیے ایک غیرمعمولی چیلنج ہے اور شہریوں کی حفاظت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی، مضبوط انٹیلی جنس، جدید تفتیش اور بروقت عدالتی فیصلے ناگزیر ہیں، مگر دہشت گردی کی سنگینی بھی زیرِ حراست افراد کو قانونی تحفظ سے محروم کرنے کا جواز نہیں بن سکتی۔ ایسے مقدمات کی فوری سماعت کے ذریعے، جہاں ٹھوس اور قابلِ اعتماد شواہد کی بنیاد پر جرم ثابت ہو، قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جا سکتی ہے۔ اس سے نہ صرف مجرموں کو ان کے جرائم کی سزا ملے گی بلکہ آئین اور قانون کی حکمرانی پر عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔ قانون کی بالادستی ہی ریاست اور دہشت گرد تنظیموں کے طرزِ عمل کے درمیان بنیادی فرق قائم کرتی ہے۔

اس بحران کا حل نہ پولیس مقابلوں کی تعداد بڑھانا ہے، نہ تھانوں کو غیررسمی عدالتوں میں تبدیل کرنا۔ ضرورت جامع اصلاحات کی ہے، جن میں جدید فرانزک سہولیات، تربیت یافتہ تفتیشی افسران، مؤثر استغاثہ، گواہوں کا تحفظ، مقدمات کی بروقت سماعت اور پولیس اختیارات کی آزادانہ نگرانی شامل ہیں۔ ناقص تفتیش یا دانستہ غفلت کے ذمہ داروں کا احتساب بھی ضروری ہے، جبکہ ہر مشکوک پولیس مقابلے اور زیرِ حراست ہلاکت کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔

پاکستان کا آئین منصفانہ سماعت اور قانونی تقاضوں کی پابندی کی ضمانت دیتا ہے۔ حکومت کی کامیابی کا معیار یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کتنے مشتبہ افراد پولیس مقابلوں میں مارے گئے، کتنے ملزمان کو تھانوں میں تھپڑ پڑے یا کتنے لوگوں سے کان پکڑوا کر معافی منگوائی گئی۔اصل کامیابی یہ ہے کہ کتنے جرائم کی مؤثر تحقیقات ہوئیں، کتنے مجرم قابلِ اعتماد شواہد کی بنیاد پر سزا یافتہ ہوئے اور کتنے بے گناہ شہری ریاستی طاقت کے غلط استعمال سے محفوظ رہے۔

ریاست کی اصل طاقت پولیس کی بندوق، حکمرانوں کے سخت بیانات یا وقتی عوامی مقبولیت میں نہیں، بلکہ آئین، قانون اور انصاف فراہم کرنے والے اداروں پر عوام کے اعتماد میں ہوتی ہے۔ عدالتی نظام کی ناکامی کا حل اس کی اصلاح ہے، نہ کہ پولیس کو عدالت، جج اور جلاد کے اختیارات دینا۔

آج جو لوگ ان اقدامات کو فوری انصاف سمجھ کر سراہ رہے ہیں، انہیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ کل یہی بے لگام اختیار کسی بے گناہ شہری یا ان کے اپنے خاندان کے کسی فرد کے خلاف استعمال ہوا تو وہ انصاف کے لیے کس دروازے پر دستک دیں گے؟

انصاف میں تاخیر یقیناً ظلم ہے، لیکن انصاف کے نام پر قانون کو پامال کرنا اس سے بھی بڑا خطرہ ہے۔ کیونکہ جس ریاست میں قانون نافذ کرنے والے خود قانون سے بالاتر ہو جائیں، وہاں انصاف نہیں، طاقت فیصلہ کرتی ہے، اور جہاں طاقت ہی قانون بن جائے وہاں بالآخر کوئی شہری محفوظ نہیں رہتا۔