او آئی سی: سید محمد فواد شیر کی سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ سے ملاقات

جدہ(بیورورپورٹ)او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر سید محمد فواد شیر نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سفیر نے سیکرٹری جنرل کو خطے میں پاکستان کی جاری امن کوششوں اور ثالثی کردار اور 8 اپریل 2026 کو فوری جنگ بندی کیلئےہونے والے مذاکرات اور ایران و امریکا کے درمیان تاریخی”اسلام آباد مذاکرات”پر تفصیلی بریفنگ دی.

سفیرسید محمد فواد شیر نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات ایک اہم پیش رفت ہے جو پاکستان کی دونوں فریقین کے ساتھ قریبی روابط اور بھرپور سفارتی کوششوں کے باعث ممکن ہوئی، جس کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی قیادت، بشمول وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ اور عسکری قیادت کی کوششوں نے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے اور امن کی راہیں ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

سفیر سید محمد فواد شیرنے امید ظاہر کی کہ دونوں فریقین کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا اور جنگ بندی برقرار رہے گی، جبکہ پاکستان روابط کو آسان بنانے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو سراہنے پر او آئی سی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے بریفنگ پر سفیر سید محمد فواد شیرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد دی اور مستقبل میں بھی تعمیری مذاکرات کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے او آئی سی کے بانی رکن کے طور پر پاکستان کے کردار اور امت کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے اس کی فعال کوششوں کو بھی سراہا۔