اونٹاریو(سی این این، پیل ریجنل پولیس، ایئر کینیڈا)کینیڈا میں ایئر کینیڈا کے سابق پائلٹ جیفری وال پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے تقریباً 17 برس تک جعلی اعلیٰ درجے کے پائلٹ لائسنس کے ذریعے ہزاروں مسافروں کو لے جانے والی 900 سے زائد ملکی اور بین الاقوامی پروازیں اڑائیں۔
پولیس کے مطابق جیفری وال کو یکم جون کو گرفتار کیا گیا اور ان پر سات فوجداری دفعات کے تحت مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جن میں پانچ ہزار کینیڈین ڈالر سے زائد فراڈ، جعلی دستاویزات استعمال کرنے اور جعلی سرکاری نشانات رکھنے کے الزامات شامل ہیں۔
تحقیقات کے مطابق وال 2009 میں کپتان کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد ایسے طیارے اڑاتے رہے جن کے لیے ایئرلائن ٹرانسپورٹ پائلٹ لائسنس درکار تھا، تاہم ان کے پاس یہ لازمی لائسنس کبھی موجود نہیں تھا۔ اس دوران انہوں نے بوئنگ 767، 777 اور 787 طیاروں کی کمان سنبھالی اور تقریباً 30 لاکھ کینیڈین ڈالر تنخواہ حاصل کی۔
پیل ریجنل پولیس کے نائب سربراہ نے کہا کہ ملزم نے مبینہ طور پر اپنی اہلیت کے بارے میں ایئرلائن اور ریگولیٹری اداروں کو گمراہ کیا۔ ان کے بقول یہ ایسا ہی ہے جیسے کوئی عام معالج دماغی سرجری کرنے لگے، حالانکہ اس کیلئے الگ مہارت اور منظوری ضروری ہوتی ہے۔
پولیس کے مطابق 2025 میں معمول کی جانچ کے دوران پائلٹ کے لائسنس میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جس کے بعد ایئر کینیڈا نے متعلقہ حکام کو اطلاع دی اور بعد ازاں “پروجیکٹ آئیکارس” کے نام سے تحقیقات شروع کی گئیں۔
دوسری جانب ایئر کینیڈا کا کہنا ہے کہ مسافروں کی پروازی حفاظت اس واقعے سے متاثر نہیں ہوئی کیونکہ کمپنی کے تمام پائلٹس ہر چھ ماہ بعد لازمی تربیت اور ہر سال مجاز معائنہ کار کے ذریعے فلائٹ چیک سے گزرتے ہیں، تاہم مناسب لائسنسنگ فضائی صنعت کے حفاظتی نظام کا بنیادی حصہ ہے، اسلئےکمپنی اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
ملزم کی عدالت میں پیشی 29 جون 2026 کو متوقع ہے۔

