اونٹاریو میں جنگلاتی آگ، فرسٹ نیشن کے رہائشی کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل

تھنڈر بے، اونٹاریو ( سی بی سی، مقامی حکام)کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شمال مغربی علاقے میں جنگلاتی آگ سے متاثر ہونے والی نامایگووسیساگاگن فرسٹ نیشن کے رہائشیوں نے ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقام تک پہنچ کر جان بچائی۔

نامایگووسیساگاگن، جسے کولنز فرسٹ نیشن بھی کہا جاتا ہے، آرمسٹرانگ کے مغرب میں واقع ہے اور تھنڈر بے سے تقریباً 250 کلومیٹر شمال میں واقع ایک دور دراز مقامی آبادی ہے۔

15 سالہ رہائشی مییہ پاوولا نے بتایا کہ ان کی والدہ نے انہیں اطلاع دی کہ پوری کمیونٹی کو جنگلاتی آگ کے باعث فوری طور پر انخلا کرنا ہوگا، مگر گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ان کے بقول چند ہی منٹوں میں صورتحال دھوئیں سے کھلے شعلوں تک پہنچ گئی۔

رہائشیوں نے بتایا کہ کمیونٹی کے افراد گھر گھر گئے اور سب کو سامان باندھ کر ساحل کی طرف جانے کی ہدایت کی۔ مییہ نے اپنے دو پالتو کتوں کو ساتھ لیا اور دوستوں کو جلدی کرنے کا کہا۔

کمیونٹی کے رکن اسکاٹ فرینک کے مطابق آگ انتہائی تیزی سے پھیل رہی تھی اور تیز ہوائیں صورتحال کو مزید خراب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں صرف فوری ردعمل ہی مددگار ثابت ہوا۔

بعد ازاں رہائشی متعدد کشتیوں میں سوار ہو کر جھیل عبور کر گئے جبکہ ان کی پوری بستی آگ کی لپیٹ میں آتی دکھائی دے رہی تھی۔ حکام کے مطابق تمام افراد بحفاظت علاقے سے نکلنے میں کامیاب رہے۔

کمیونٹی کی چیف ہیلن پاوولا اس وقت اوٹاوا میں اسمبلی آف فرسٹ نیشنز کے سالانہ اجلاس میں شریک تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ فون سروس بار بار منقطع ہونے کے باعث انہیں کچھ دیر تک یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ آیا سب لوگ محفوظ نکل سکے ہیں یا نہیں۔

رہائشیوں کے مطابق کشتیوں سے اترنے کے بعد وہ ہائی وے 527 کی جانب روانہ ہوئے جبکہ آگ مسلسل ان کے پیچھے بڑھتی رہی۔ چیف پاوولا نے تمام ارکان کے محفوظ انخلا کو ایک معجزہ قرار دیا ہے۔