مسی ساگا(اشرف خان لودھی سے)اونٹاریو لبرل پارٹی کی قیادت کی امیدوار اور ایٹوبیکو لیک شور سے رکن صوبائی اسمبلی لی فیئرکلاف نے کہا ہے کہ پورے صوبے کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور اب وہ ایسی حکومت کے خواہاں ہیں جس پر اعتماد کیا جا سکے، جو درست فیصلے کرے اور عوامی مسائل کو اولین ترجیح دے۔لی فیئر کلاف ڈکسی الیکٹرونکس اینڈایمپلائنسزکے خصوصی دورے کے دوران گفتگو کررہی تھیں.
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران وہ صوبے کے ساٹھ سے زائد حلقوں کا دورہ کر چکی ہیں، جن میں ٹمنز، سینٹ کیتھرینز، ونڈسر، اوٹاوا اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ ان کے مطابق جہاں بھی وہ گئیں، لوگوں نے موجودہ حالات سے مایوسی اور حقیقی تبدیلی کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں عوام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، تاہم روزگار، معیشت، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور زندگی گزارنے کی لاگت تقریباً ہر جگہ مشترکہ تشویش بن چکی ہے۔ لی فیئرکلاف نے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے اور ایک ماں کی حیثیت سے وہ نئی نسل کو درپیش چیلنجز کو قریب سے محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور تعلیمی اداروں کو ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی تاکہ نوجوانوں کو مستقبل کی ضروری مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈکسی الیکٹرونکس اینڈایمپلائنسزکے اونر و سماجی رہنما چودھری سلیم نے کہا کہ اونٹاریو کے عوام بالخصوص تارکین وطن ایک بڑی تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں نوجوانوں کی ذہنی صحت کے مسائل میں اضافہ تشویشناک ہے اور ہمیں صرف آج نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے مستقبل کیلئےبھی سوچنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو نسلی یا لسانی بنیادوں تک محدود کرنے کے بجائے روشن، پائیدار اور ترقی یافتہ اونٹاریو کی تعمیر پر توجہ دینی چاہیے، جہاں نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کو آگے آنے کے مواقع ملیں۔

اس موقع پر جنگ نیوز کینیڈا کے چیف ایڈیٹر نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمیت پورے اونٹاریو کے عوام ایک مثبت اور مؤثر تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبے کے حالات جس نہج پر پہنچے، عوام دوبارہ ایسی صورتحال نہیں چاہتے بلکہ ایسی قیادت چاہتے ہیں جو عوامی مسائل کو ترجیح دے، بہتر طرز حکمرانی فراہم کرے اور اونٹاریو کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کرے۔
معروف سماجی رہنما احسن ضیا نے اپنے خطاب میں لی فیئرکلاف کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک وہ اس وقت اونٹاریو لبرل پارٹی کی قیادت کیلئے بہترین امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لی فیئرکلاف مثبت اور مؤثر قیادت کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ان کی کامیابی اونٹاریو کی سیاست میں نئی روح پھونک سکتی ہے۔
احسن ضیا نے اس موقع پر ایسٹ ککس وِل کے وفاقی امیدوار مشکور شیروانی، فریناحسن،سیدآصف،معروف صحافی اور کمیونٹی رہنما اشرف خان لودھی، بابا عرفان ملک،مرتضیٰ جوئیہ سمیت دیگر شخصیات کا تعارف بھی کرایا اور حاضرین سے لی فیئرکلاف کی بھرپور حمایت کی اپیل کی۔

