اوٹاوا ( کینیڈین وزیراعظم آفس، بین الاقوامی میڈیا) وزیراعظم مارک کارنی نے سابق سپریم کورٹ جج لوئیز آربر کو ملک کا نیا گورنر جنرل نامزد کیاہے۔لوئیز آربر فرانسیسی زبان بولنے والی ممتاز قانونی ماہر ہیں جنہوں نے اپنی طویل پیشہ ورانہ زندگی میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر سمیت اہم بین الاقوامی ذمہ داریاں بھی انجام دی ہیں۔
وہ کینیڈا میں بادشاہ چارلس کے نمائندے اور کینیڈین مسلح افواج کی کمانڈر ان چیف کے طور پر خدمات انجام دینگی اور سبکدوش ہونے والی میری سائمن کی جگہ لیں گی۔وزیراعظم مارک کارنی نے ان کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لوئیز آربر کینیڈا کی آئینی روایات، امن، انصاف اور قانون کی حکمرانی کی مضبوط محافظ ثابت ہوں گی۔
لوئیز آربر نے اس عہدے کی قبولیت کو “ قومی ذمہ داری” قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے مضبوط ادارے ہی اس کی اصل طاقت ہیں۔اپنے قانونی کیریئر کے دوران وہ روانڈا اور یوگوسلاویہ میں جنگی جرائم کے مقدمات کی پراسیکیوٹر بھی رہ چکی ہیں اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے کئی اہم کیسز میں کردار ادا کر چکی ہیں۔
انہوں نے 1994ء کے روانڈا نسل کشی کیس میں بھی نمایاں کردار ادا کیا اور اقوام متحدہ میں مہاجرین اور انسانی حقوق سے متعلق پالیسی سازی میں حصہ لیا۔ان کی تقرری کو کینیڈا میں قانونی اور آئینی نظام کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ حکام کے مطابق وہ ملک کی وحدت اور آئینی استحکام کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔

