اوٹاوا:انڈونیشیا اور ملائیشیا کے شہریوں کیلئے ویزا قوانین میں نرمی کا اعلان

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)کینیڈا نے انڈو پیسیفک خطے کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے انڈونیشیا اور ملائیشیا کے بعض شہریوں کیلئے ویزا شرائط میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔کینیڈا کی وزیرِ امیگریشن لینا میٹلیج دیاب نے بتایا کہ نئی سہولتوں کا اطلاق 26 مئی 2026ء صبح ساڑھے پانچ بجے مشرقی وقت سے ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق انڈونیشیا اور ملائیشیا کے وہ شہری جن کے پاس گزشتہ 10 برس کے دوران کینیڈا کا عارضی رہائشی ویزا موجود رہا ہو یا اس وقت امریکا کا مؤثر غیر تارکِ وطن ویزا ہو، وہ فضائی سفر کے ذریعے کینیڈا آنے یا وہاں سے گزرنے کیلئے روایتی ویزا کے بجائے الیکٹرانک سفری اجازت نامہ حاصل کرنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق جن افراد کے پاس پہلے سے مؤثر کینیڈین ویزا موجود ہے وہ بدستور اسی ویزا پر سفر کر سکیں گے۔

کینیڈین حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد انڈو پیسیفک خطے کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کاری اور تزویراتی تعلقات کو فروغ دینا، نئی کاروباری مواقع پیدا کرنا اور طویل مدتی معاشی ترقی کی حمایت کرنا ہے، جبکہ سرحدی سلامتی اور سیکیورٹی کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

وزیرِ امیگریشن لینا میٹلیج دیاب نے اپنے بیان میں کہا کہ کینیڈا دنیا بھر کی باصلاحیت افرادی قوت کو راغب کرنے، عالمی شراکت داری مضبوط بنانے اور کاروباری مواقع بڑھانے کیلئےاقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔