اوٹاوا:سلمیٰ زاہد کاکینیڈین پارلیمنٹ میں خالد عثمان کوزبردست خراجِ عقیدت

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)سکاربوروسینٹرڈان ویلی ایسٹ سے رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد نے ہاؤس آف کامنز میں مرحوم خالد عثمان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستانی نژاد کینیڈین کمیونٹی کا ایک عظیم رہنما، دوست اور سرپرست قرار دیا۔

پارلیمنٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سلمیٰ زاہد نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں کینیڈا کی پاکستانی کمیونٹی ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گئی۔ خالد عثمان نہ صرف ان کے ذاتی دوست تھے بلکہ بے شمار افراد کیلئے رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ بھی تھے۔

انہوں نے کہا کہ خالد عثمان ہمیشہ مسکراتے رہتے تھے اور مشکل ترین حالات میں بھی اپنا خوش مزاج اور مثبت انداز برقرار رکھتے تھے۔سلمیٰ زاہد نے کہا کہ خالد عثمان نے 14 برس تک مارکھم سٹی کونسلر کے طور پر خدمات انجام دیں اور اپنی پوری زندگی عوامی خدمت کیلئےوقف رکھی۔

انہوں نے مرحوم کو ایک ممتاز فلاحی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختلف خیراتی منصوبوں کیلئے لاکھوں ڈالر جمع کیے، جن میں مارکھم اسٹوف ویل اسپتال اور پاکستان میں کام کرنے والےشوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ بھی شامل تھی۔

سلمی زاہد نے کہا کہ پاکستانی نژاد کینیڈین شہریوں کیلئےخالد عثمان ایک رہنما شخصیت تھے جنہوں نے اپنی زندگی کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ محنت خدمت اور قیادت کے ذریعے کینیڈا کو بہتر بنانے میں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

سلمیٰ زاہد نے مزید کہا کہ اپنے سیاسی سفر کے ابتدائی دنوں میں انہیں خالد عثمان کی بھرپور حوصلہ افزائی اور تعاون حاصل رہا، جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گی۔انہوں نے مرحوم کی اہلیہ ڈاکٹر عابدہ خالد، بیٹیوں حنا، رابعہ اور ماریہ، پوتے پوتیوں اور دیگر اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ “اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّا اِلَيْهِ رَاجِعُونَ” ۔