اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں یوم پاکستان حب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، یہ دن 23 مارچ 1940 کی قرارداد لاہور کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے جس نے قیام پاکستان کی بنیاد رکھی۔

ہائی کمشنر محمد سلیم نے چانسری کے احاطے میں منعقدہ تقریب میں قومی پرچم لہرایا، تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، ہائی کمیشن کے عملے، طلبہ اور پاکستان کے دوستوں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ہائی کمشنر نے اپنے خطاب میں بانیان پاکستان کی بصیرت، عزم اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قومی یکجہتی، سماجی و اقتصادی ترقی، علاقائی امن اور عالمی برادری کے ساتھ تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم اور عوامی روابط میں بڑھتے تعاون کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو اہم قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی خوشحالی، استحکام اور ترقی کیلئےخصوصی دعائیں کی گئیں۔

