ایران ثقافتی و معاشی محاذ پر بھی دشمن کو شکست دے گا:مجتبیٰ خامنہ ای

تہران ( ایرانی میڈیا رپورٹس)ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران فوجی میدان میں کامیابی کے بعد اب ثقافتی اور معاشی محاذ پر بھی دشمن کو شکست دے گا۔

یومِ اساتذہ اور یومِ مزدور کے موقع پر اپنے تحریری پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایران نے گزشتہ 47 برسوں کی جدوجہد کے بعد اپنی عسکری صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور اب ضروری ہے کہ معاشی اور ثقافتی جہاد میں بھی کامیابی حاصل کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ ثقافتی میدان میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ مزدور معاشی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور یہ دونوں طبقات معاشرے کے بنیادی ستون ہیں۔مجتبیٰ خامنہ ای نے حکام کو خبردار کیا کہ صرف زبانی خراجِ تحسین کافی نہیں بلکہ اساتذہ اور مزدوروں کی عملی سرپرستی ضروری ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ مقامی مصنوعات کو ترجیح دیں تاکہ ملکی معیشت مضبوط ہو، جبکہ کاروباری افراد سے اپیل کی کہ وہ ملازمین کو نکالنے سے حتی الامکان گریز کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی اسلامی شناخت کو مضبوط بنا کر اور مقامی صنعت کو فروغ دے کر ملک ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچے گا۔