تہران( ایرانی میڈیا، الجزیرہ رپورٹس)ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی بحری افواج نے چینی جہازوں کے ایک گروپ کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے آغاز کے بعد ایران نے اس اہم آبی گزرگاہ سے بڑی حد تک شپنگ محدود کر دی تھی، تاہم اب چینی جہازوں کو دوبارہ راستہ دیا جا رہا ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق بدھ کی شام سے اب تک تقریباً 30 بحری جہاز ایران کی اجازت سے آبنائے ہرمز سے گزر چکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر ہیں اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی توانائی اور تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، جہاں کسی بھی پابندی یا نرمی کے اثرات عالمی منڈیوں پر پڑ سکتے ہیں۔

