انقرہ (رائٹرز) نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے ایران پر امریکا کے تازہ فضائی حملوں کو “بالکل ناگزیر” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد واشنگٹن کا سخت ردعمل ضروری تھا۔
انقرہ میں نیٹو سربراہ اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارک روٹے نے کہا کہ جب جنگ بندی ہو اور ایران بنیادی طور پر اس کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو امریکا کا بھرپور انداز میں جواب دینا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کا نیٹو کے ساتھ مکمل عزم برقرار ہے، تاہم یورپی ممالک اور کینیڈا کو بھی دفاعی اخراجات امریکا کے برابر لانے کی توقع ہے۔
امریکا نے گزشتہ روز آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد ایران پر نئی فضائی کارروائیاں کیں اور تہران کو تیل فروخت کرنے کی اجازت دینے والا لائسنس بھی منسوخ کر دیا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کے ردعمل میں کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایران نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کی۔

