تہران(ارنا، تسنیم، مہر نیوز، ایرانی سرکاری میڈیا)ایران نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی حسینی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ سے قبل امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ حملے یا جارحیت سے گریز کیا جائے، بصورت دیگر مسلح افواج سخت جواب دیں گی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر علی عبداللہی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے دشمن، بالخصوص امریکا اور اسرائیل، کسی بھی غلط اندازے سے باز رہیں اور یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ایران کے خلاف ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی سرکاری نمازِ جنازہ کی تیاریاں جاری ہیں اور خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ نمازِ جنازہ کے جلوس کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے، تاہم شرکا کی متوقع بڑی تعداد اور سیکیورٹی خدشات کے باعث حتمی صورتحال کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
صوبہ قم میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر فتح اللّٰہ جمیری نے بتایا کہ منصوبے کے مطابق نمازِ جنازہ کا جلوس مسجد جمکران سے شروع ہو کر حضرت فاطمہؓ کے روضے تک جائے گا، تاہم عوام کی بڑی تعداد، ٹریفک اور سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر ضرورت پڑنے پر انتظامی تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔

