ایران کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا جواب غیر متوقع ہوگا:قالیباف

تہران (ایران انٹرنیشنل)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کی صورت میں ایران کا ردعمل فوری اور ان کی توقعات سے بڑھ کر ہوگا، جبکہ آئندہ جنگ کا جغرافیہ ایرانی مسلح افواج طے کریں گی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق قالیباف نے یہ بیان ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے نئے زیرِ زمین میزائل مرکز کی رونمائی کے بعد جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کسی غلط اندازے کا شکار نہ ہو، معمولی سی غلطی پر بھی ایران اپنے دفاع میں فوری کارروائی سے گریز نہیں کرے گا۔

قالیباف نے نئے میزائل مرکز کو ایران کے دشمنوں کے لیے واضح پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پابندیوں، فوجی دھمکیوں اور جنگی حالات کے باوجود مکمل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کی دفاعی طاقت کا انحصار فوجی تیاری، مسلسل ترقی اور قومی اتحاد پر ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے سائنس دانوں، انجینئروں اور فوجی اہلکاروں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔قالیباف کے بیان کے مطابق ایران اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔