تہران( ایرانی صدر دفتر، سرکاری اعلامیہ)ایران کے صدر مسعود پزشکیان کل منگل کے روز پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہونگے جہاں وہ پاکستانی اعلیٰ حکام کے ساتھ مشاورت اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ایرانی صدارتی دفتر کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ حبیب اللہ عباسی کے مطابق صدر مسعود پزشکیان پاکستان میں قیام کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، تعاون اور مختلف امور پر تفصیلی مشاورت کریں گے۔
بیان کے مطابق پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی اور سفارتی کوششوں پر شکریہ بھی ادا کیا جائے گا۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی رابطوں کے تسلسل، باہمی تعاون میں فروغ اور پہلے سے طے شدہ اقتصادی معاہدوں کا جائزہ اور ان پر عملدرآمد کی پیشرفت بھی زیرِ بحث آئے گی۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ ایک روزہ دورہ ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل اور خطے میں تعاون کے فروغ کے لیے اہم موقع تصور کیا جا رہا ہے۔

