ایرانی صدر کا ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کے عزم کا اظہار

تہران (ارنا)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گی اور بیرونی دباؤ یا دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکیں گی۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ کیا امریکا میدانِ جنگ میں اپنے مقاصد حاصل کر سکا اور ایران کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو کیا کامیابی ملی؟

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے عملی اقدامات کے ذریعے وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز ایران کی قیادت کی پالیسیوں کے باعث بند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت کی پالیسی ملک کو تباہی کی جانب لے جا رہی ہے، جبکہ امریکا ایرانی بندرگاہوں اور ایرانی کارگو پر مکمل ناکہ بندی نافذ کرے گا۔