ایرانی عوام امریکا اور اسرائیل کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے: پزشکیان

نئی دہلی(بین الاقوامی خبر ایجنسی) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے، ایران آج بیک وقت اسرائیل اور امریکا کے خلاف کامیابی سے کھڑا ہونے میں کامیاب رہا ہے۔

نئی دہلی میں مذہبی رہنماؤں، دانشوروں اور کاروباری افراد سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا ہمیں دھمکانا اور دباؤ میں لانا چاہتے ہیں، ہم کسی صورت دباؤ قبول نہیں کریں گے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ہم کبھی ان کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے، اگر وہ ہمیں دھکیلیں گے تو ہم بھی جواب دیں گے۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایک ہی لمحے میں اسکول کے 168 بچوں کو شہید کردیا گیا، پھر آپ ہمیں دہشت گرد کہتے ہیں؟ ان لوگوں کا کیا جو انسانوں کو قتل کرتے ہیں، سائنسدانوں کو بمباری کا نشانہ بناتے ہیں اور اسکولوں اور اسپتالوں پر حملے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو صرف فوجیوں اور فوجی اہلکاروں سے لڑیں، آپ بنیادی ڈھانچے، لوگوں کے روزگار اور ذرائع معاش کو کیوں نشانہ بناتے ہیں؟واضح رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان برکس اجلاس میں شرکت کیلئےبھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں موجود ہیں۔