ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کے ساتھ براہِ راست رابطے کی تردید کر دی

تہران(ایرانی خبر ایجنسی، تسنیم، مہر نیوز)ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کے ساتھ براہِ راست رابطے کا نیا چینل قائم کیے جانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکا کے ساتھ کسی قسم کا براہِ راست رابطے کا چینل قائم نہیں کیا گیا اور اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں سراسر جھوٹ ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ایران کی حدود میں واقع ہے اور اس معاملے سے امریکا کا کوئی تعلق نہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا اور ایران نے پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ براہِ راست رابطے کا ایک نیا چینل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

برطانوی نیوز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا تھا کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب اور امریکی سینٹرل کمان کے حکام کے درمیان جلد دوحہ میں ملاقات متوقع ہے، تاہم ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ان دعوؤں کی واضح طور پر تردید کر دی ہے۔