واشنگٹن (اے پی، وال اسٹریٹ جرنل، وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ایسوسی ایشن، دی گارڈین) وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں پر طنزیہ فقرے کَسے، جبکہ تقریب میں ٹرمپ انتظامیہ کے بارے میں اہم تحقیقاتی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو صحافتی ایوارڈز بھی دیے گئے۔
تقریب میں وال اسٹریٹ جرنل کے ان صحافیوں کو کیتھرین گراہم ایوارڈ برائے جرأت و احتساب دیا گیا جنہوں نے جیفری ایپسٹین سے متعلق صدر ٹرمپ کے مبینہ تعلقات اور ان کے نام سے منسوب ایک متنازع خط کے بارے میں تحقیقاتی رپورٹ شائع کی تھی۔
ایوارڈ حاصل کرنے والی ٹیم میں خدیجہ صفدر، جو پالازولو، سیڈی گرمن، اینی لینسکی، جوش ڈوسی، ایلکس لیری، ربیکا بالہاؤس اور سی ریان باربر شامل ہیں۔ اس ایوارڈ کے ساتھ 10 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی دی گئی۔
دیگر ایوارڈز بھی ٹرمپ انتظامیہ کے پہلے سال کی اہم رپورٹنگ پر دیے گئے، جن میں وائٹ ہاؤس میں یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ٹرمپ کی ڈرامائی ملاقات، وائٹ ہاؤس میں اختیارات کے استعمال اور انتظامیہ سے متعلق دیگر اہم انکشافات شامل تھے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس، سی این این، گیٹی امیجز اور وال اسٹریٹ جرنل کے صحافیوں کو مختلف زمروں میں اعزازات دیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے صحافیوں پر مختلف طنزیہ جملے کَسے اور بعض میڈیا اداروں اور رپورٹرز کو تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم انہوں نے صحافیوں کے کام کی بعض مواقع پر تعریف بھی کی۔ ان کی تقریباً ایک گھنٹے کی تقریر میں سیاسی مخالفین اور میڈیا پر طنز کے ساتھ تیسری صدارتی مدت سے متعلق مذاق بھی شامل تھا۔
وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق اس سال کے صحافتی ایوارڈز میں صدر ٹرمپ کی دوسری مدت کے پہلے سال کی رپورٹنگ کو نمایاں طور پر سراہا گیا، جس میں جیفری ایپسٹین سے متعلق تحقیقات بھی شامل تھیں۔

