ایڈنبرا( اسکاٹش پولیس، برطانوی میڈیا)اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا کے پاکستانی اکثریتی علاقوں لیتھ واک اور ٹیلفورڈ روڈ میں ایک مبینہ نسل پرستانہ اور اسلاموفوبیا پر مبنی حملے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے، جس کے بعد مقامی پاکستانی اور مسلم برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے کے قریب ایک شخص نے بلااشتعال متعدد افراد پر حملہ کیا۔ ملزم نے ایک پیزا شاپ کے باہر توڑ پھوڑ کی کوشش کی اور اندر داخل ہونے کی بھی کوشش کی، جبکہ ایک پیٹرول اسٹیشن پر بھی ہنگامہ آرائی کی اطلاعات سامنے آئیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعے کے پس منظر میں مذہبی یا نسلی نفرت کے امکان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے وقت ملزم مبینہ طور پر یہ نعرے لگا رہا تھا کہ وہ اپنے ملک کا دفاع کر رہا ہے۔حملے میں 22 سے 29 سال کی عمر کے پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ طبی حکام کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر جان سوینی نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکاٹ لینڈ میں نسلی یا مذہبی تعصب کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
واقعے کے بعد پاکستانی اور مسلم برادری کے افراد نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کی جائے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عینی شاہدین سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

