کراچی(نامہ نگار)کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں تیز رفتار ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 10 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ ایک اور شخص زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد رواں برس شہر میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 453 ہوگئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کی نیول کالونی میں ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 10 سالہ ساحل موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا سوار زخمی ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور دونوں متاثرین کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بچے کی موت کی تصدیق کر دی گئی جبکہ زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق رواں برس ہیوی ٹریفک سے پیش آنے والے حادثات میں اب تک 147 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں وین کی ٹکر سے 16، ڈمپر سے 7، ٹریلر سے 69، بس سے 16 اور واٹر ٹینکر سے 39 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کراچی میں ٹریفک حادثات میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 453 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

