تہران(ایرانی میڈیا)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی قوم کبھی بھی دشمن کے سامنے سر نہیں جھکائے گی، بات چیت یا مذاکرات کرنے کا مطلب ہرگز ہتھیار ڈالنا یا پیچھے ہٹنا نہیں۔
تہران میں ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی حملوں سے ہونے والے نقصانات کی بحالی سے متعلق ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ مذاکرات اور سفارتی کوششوں کا مقصد ایرانی عوام کے حقوق کی بحالی اور قومی مفادات کا تحفظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور کسی بھی دباؤ کے سامنے جھکنے والا نہیں۔مسعود پزشکیان نے متاثرہ علاقوں خصوصاً رہائشی یونٹس کی تعمیرِ نو کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ذہنی سکون اور نفسیاتی تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ادارے عوامی خدمت کے عمل کو مکمل ہم آہنگی، رفتار اور اتحاد کیساتھ آگے بڑھانے کے پابند ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی اور اسرائیلی جنگ کے باعث ہونے والی وسیع تباہی کے پیشِ نظر ملک کو اب بھی عوامی شمولیت، قومی یکجہتی اور سماجی اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشکل حالات سے کامیابی کے ساتھ نکلنے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

