بانی پی ٹی آئی سے ملاقات تک وفاق کو کوئی گرانٹ جاری نہیں ہوگی:سہیل آفریدی

پشاور(خیبر پختونخوا اسمبلی، سرکاری ذرائع)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جب تک بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، وہ کوئی مسودہ دستخط نہیں کریں گے اور وفاق کو کوئی گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جہاں اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپوزیشن کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حوصلہ رکھیں، اور عملے کو ہدایت کی کہ اپوزیشن ارکان کو پانی فراہم کیا جائے۔

بجٹ اجلاس میں علی امین گنڈا پور اور ناراض اراکین بھی شریک ہوئے، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج جاری رہا۔ وزیراعلیٰ نے اپوزیشن کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صبر و تحمل سے کام لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ بحال کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے مسلسل تیسری مرتبہ پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کابینہ نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ کا مجموعی حجم 2170 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 519 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں سات فیصد اضافے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔