اسلام آباد (نامہ نگار) ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو آئندہ دنوں اڈیالہ جیل سے نجی اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے، اس سلسلے میں نجی اسپتال کی انتظامیہ کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر خان، سینیٹر علی ظفر اور وکیل سلمان صفدر کی 9 نومبر کو ایک اہم عدالتی شخصیت سے ملاقات میں عمران خان کی صحت اور ان تک رسائی کے معاملے پر گفتگو ہوئی تھی۔ اس ملاقات کے بعد عمران خان سے وکلا کی ملاقات کے احکامات جاری ہوئے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ اور آنکھ کا علاج کیا گیا۔ ماہر امراض چشم کی ہدایت پر انہیں آنکھ میں انجکشن بھی لگایا گیا، جس کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرکے ان کا مکمل طبی معائنہ کرایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔

