آذربائیجان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ہمیں اپنے پاسپورٹ کی عزت دیکھنے کو ملی،، پہلے ہماری کئی ممالک میں بہت عزت تھی، متحدہ عرب امارات میں بہت عزت تھی، تھائی لینڈ میں ہمیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا،،، سعودی عوام ہمیں کندھوں پر بٹھاتے تھے،،، ملائشیا، انڈونیشیا، حتیٰ کہ یورپ کے کئی ممالک ہماری قدر کرتے تھے،،، لیکن ہم نے ان ممالک میں اپنی عزت اپنی کرتوتوں کی وجہ سے کھو دی،،، اور اب لگتا ہے کہ صرف ایک ہی ملک بچا ہے جہاں ہمیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،،، اور یہ پتہ نہیں کتنے سال تک عزت قائم رہے گی،،، اور یہ عزت کس لیے قائم ہے،، اس حوالے سے آگے چل کر بیان کروں گا،،، مگر اُس سے پہلے آذربائیجان کے بارے میں بتاتا چلوں کہ حالیہ چند سالوں سے بحیرہ قزوین یا کیسپین سی کے کنارے واقع آذربائیجان کا دارالحکومت ”باکو“ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے پسندیدہ سیاحتی مقام بنتا جا رہا ہے۔اس لیے میں نے بھی سوچا کہ کیوں نہ یہاں کی سیر کی جائے،،، میں نے اس حوالے سے معلومات اکٹھی کیں،،،جو خاصی دلچسپ لگیں،،، ویسے تو باکو جانے کے لیے آپ کو ایجنٹ کی ضرورت درکار نہیں ہوتی ،،، کیوں کہ سب کچھ آپ کو آن لائن دستیاب ہوتا ہے، لیکن ہم نے پہلی مرتبہ وہاں جانا تھا، اس لیے کسی بھی مسئلے سے بچنے کے لیے ہوٹل کی بکنگ ، ویزا اور ٹکٹ کی رہنمائی کے لیے ہم نے ایجنٹ سے رہنمائی لی اور ”اضافی“ رقم بھی ادا کی۔ خیر ہم نے باکو کے لیے رخت سفر باندھا تو لاہور ائیر پورٹ پر اچھی خاصی یعنی3،4گھنٹے کی ”خواری“(خواری اس لیے بھی کہ وہاں سیکورٹی چیکنگ کے نامناسب انتظامات اور بے وقعت گھنٹہ گھنٹہ لائن میں لگے رہنا، ایف آئی اے کے مختصر کاﺅنٹرز، اور غیر ضروری عملے کی غیر ضروری پوچھ گچھ) کے بعد ائیرپورٹ لاﺅنج میں پہنچے تو فلائیٹ ”آذربائیجان ائیرلائن“ کی اُڑان کا وقت ہو گیا ،،،اور ہمیں فوراََ جہاز میں بیٹھنا پڑا،،، اس ائیرلائن کی بزنس کلاس بھی اکانومی کلاس جیسی تھی،،، کیوں کہ سہولیات تو ہمیں ایک جیسی لگیں،،، لیکن ٹکٹ کی قیمت دوگنا تھی۔ خیر ساڑھے تین گھنٹے کی فلائیٹ کے بعد ہم صبح سویرے باکو ائیرپورٹ پہنچے ،،، جہاں سے ٹیکسی لے کر ہم ”رمادہ“ ہوٹل پہنچے،،، جو باکو شہر سے نسبتاََ باہرسمندر کنارے پر موجود ہے،،، یہ نسبتاََ پرسکون ہوٹل تھا،،، لیکن یہاں کی انتظامیہ قدرے لالچی تھی(لالچی اس لیے کہ فضول قسم کے اخراجات اور ہر چھوٹی چھوٹی چیز کے لیے پیسوں کی ڈیمانڈ کرنا) ،،، کیوں کہ وہ ہر چیز کے پیسے ایٹھنے میں ماہر لگ رہی تھی،،، لیکن ہوٹل میں موجود سیاحوں میں روس، یورپ کے مختلف ممالک، جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر کے سیاح موجود تھے،،، وہاں پاکستانی سیاح بھی موجود تھے،،، کیوں کہ ایک عرصے سے پاکستانی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد بھی باکو کا رخ کررہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں 70ہزار سے ایک لاکھ پاکستانیوں نے تجارت ، تعلیم یا سیاحت کے لیے آذربائیجان کا دورہ کیا۔ آذربائیجان کے لوگ پاکستانیوں کی بہت عزت کرتے ہیں اور پاکستانی کو دیکھ کر سینے پر بار بار ہاتھ مار کر ’کاردش (بھائی)، کاردش‘ کا ورد کرتے ہیں۔خاص طور پر وہاں کے لوگ عمران خان کی بہت عزت کرتے ہیں،،، ویسے آذربائیجان میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے جو محبت اور احترام پایا جاتا ہے، اس کی دو بڑی وجوہات ہیں: پاکستان کا مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کے مو¿قف کی حمایت کرنا اور آرمینیا کے ساتھ تنازع میں آذربائیجان کی علاقائی سالمیت کی حمایت کرنا۔
اب سوال یہ ہے کہ آذربائیجان کے عوام میں عمران خان کے لیے بھی احترام کا اظہار دیکھنے کو کیوں ملتا ہے؟،تو اس کا تعلق ان کے دورِ حکومت میں پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ سفارتی ماحول سے ہے۔ویسے توپاکستان نے آذربائیجان کی آزادی کو تسلیم کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل ہو کر ایک اہم سفارتی قدم اٹھایا۔ پاکستان نے 12 دسمبر 1991ءکو آذربائیجان کو تسلیم کیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان 9 جون 1992ءکو سفارتی تعلقات قائم ہوئے۔ اس کے بعد پاکستان نے مختلف مواقع پر آذربائیجان کا ساتھ دیا۔1993ءاور 1994ءمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نگورنو کاراباخ کا مسئلہ زیر بحث آیا تو پاکستان نے آذربائیجان کے مو¿قف کی حمایت کی۔پاکستان کا بنیادی مو¿قف یہ تھا کہ آذربائیجان کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں اور علاقائی سالمیت کا احترام ہونا چاہیے۔ پھر 27 ستمبر 2020ءکو آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 44 روزہ جنگ شروع ہوئی۔ یہ جنگ نگورنو کاراباخ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے تنازع پر تھی۔اس موقع پر پاکستان نے(یعنی عمران خان حکومت نے) آذربائیجان کے حق میں واضح سفارتی مو¿قف اختیار کیا۔ آرمینیائی کارروائیوں پر تنقید کی۔اور 20 اکتوبر 2020ءکو پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے یکجہتی کا اظہار کیا۔جس کے بعد پاکستانی پارلیمنٹ میں بھی آذربائیجان کی حمایت میں قرارداد منظور کی گئی۔ بعد ازاں یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ 2020ءکی جنگ کے دوران یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستانی فوجی دستے آذربائیجان کی طرف سے لڑ رہے ہیں۔ لیکن پاکستان نے ان خبروں کی سرکاری طور پر تردید کی۔جب آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ ہوئی تو عمران خان کی حکومت نے آذربائیجان کی علاقائی سالمیت کی حمایت کی۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے بھی اس حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔پھر22 مارچ 2022ءکو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے پاکستان کے قومی دن کے موقع پر عمران خان کو ایک خط لکھا۔ اس خط میں انہوں نے واضح کیا کہ آذربائیجان کے عوام جنگ کے دوران پاکستان کے اصولی سیاسی اور اخلاقی مو¿قف کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
بہرحال بہترین تعلقات کی وجوہات جو بھی ہوں مگر یہ بات تو طے ہے کہ وہاں جگہ جگہ پاکستانی ترانوں کی آوازیں گونجتی رہتی ہیں،،، حتیٰ کہ ہم نے جس ٹیکسی کا بھی سفر کیا،،، اُس کا ڈرائیور عمران خان کے بارے میں اور پاکستان کے بارے میں اچھی خاصی معلومات رکھتا تھا،،، اور ہم سے ایک ہی سوال دہراتا تھا کہ عمران خان قید کیوں ہے؟ ہم اُسے اپنے الفاظ میں اور ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں اُنہیں سمجھانے کی کوشش کرتے تھے،،، لیکن اُن کے آخری الفاظ یہی ہوتے تھے کہ پاکستان زندہ آباد ،،، عمران خان زندہ آباد۔۔۔ خیر وجوہات جو بھی ہوں،،، لیکن دوسرے ملک میں جا کر اپنے ملک کی عزت دیکھنا انتہائی خوشگوار احساس دلاتا ہے،،، بہرحال ہم ہوٹل میں ٹھہرے آرام کیا،،،سمندر کے خدو خال کا جائزہ لیا،،، ویسے معلومات کے لیے بتاتا چلوں کہ یہ شہر یورپ اور ایشیا کی سرحد کے سنگم پر واقع ، بحیرہ قزوین (کیسپین سی) اور بحیرہ اسود (بلیک سی) کے درمیان موجود ممالک آرمینیا، آذربائیجان، جارجیا اور جنوبی روس کے کچھ حصوں پر مشتمل جغرافیائی و سیاسی بنیاد پر مبنی خطے قفقاز (کوکس) کا آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا شہر ہے۔ باکو شہر کی آباد تقریباً 24 لاکھ ہے۔پاکستان کے شہر گوادر کا مطلب ہواو¿ں کا شہر ہے، اسی طرح باکو کے لفظی معنی ہواو¿ں کا شہر ہے۔ باکو لفظ فارسی زبان کے بادکوبہ کی بگڑی ہوئی صورت ہے۔ جس کا لفظی معنی ہے ہواو¿ں کا مارا ہوا۔آذربائیجان فارسی زبان کے دو الفاظ کا مرکب ہے۔ آذر معنی آگ اور بائیگان کا مطلب ہے رکھوالا۔ آذربائیجان کا مطلب ہے ’مقدس آگ کے رکھوالے یا محافظ۔‘ تیل اور قدرتی گیس کی دولت سے مالا مال آذربائیجان میں قدرتی گیس کی وافر مقدار کے باعث گیس زمین سے نکل کر جلتی رہتی ہے۔ آذر بائیجان میں کئی پہاڑیوں پر صدیوں سے آگ جل رہی ہے۔ زمانہ قدیم میں جب انسان قدرتی گیس سے استعمال سے ناواقف تھا تو لوگ اس دائمی آگ کو مقدس سمجھتے ہوئے پوجا کرتے تھے۔ تیل کی دولت سے مالا مال آذربائیجان نے 2014 سے عالمی سطح پرتیل کی قیمتوں کی کمی، عالمی معاشی بحران اور مستقبل میں دنیا بھر توانائی کے متبادل ذرائع کے استعمال کے خدشے کے باعث 2016 سے سیاحت کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کیے۔ ان اقدامات میں دنیا بھر کے ممالک کے سیاحوں کے لیے ای ویزے کے اجرا کا آغاز کیا گیا۔ اس کے علاوہ دارالحکومت باکو میں سیاحوں کے لیے کئی نئے سیاحتی مقام بنائے گئے۔حالیہ برس کے آغاز میں آذربائیجان سٹیٹ ٹورازم ایجنسی نے 2026 تک 40 لاکھ سیاح بیرون ممالک سے اور 60 لاکھ مقامی سیاحوں کی باکو آمد کا ہدف رکھا ہے۔باکو میں سیاحوں کی بڑی پیمانے پر آمد کے باعث اب باکو کو ’قفقاز (کوکس) کے دبئی‘ کے نام دیا گیا ہے۔اور ہاں ! جب ہم باکو میں پہنچے تو ”فارمولا ون “ ریس کا اہتمام کیا جا رہا تھا،،، جو چند دن بعد یعنی 26ستمبر کو شروع ہونے والی تھی،،،
ویسے تو 2016ءمیں پہلی مرتبہ باکو میں فارمولا ون ریس منعقد ہوئی،جس کے بعد ہر سال اس ریس کا اہتمام کیا جاتا ہے،،،اور ایک لاکھ سے زائد تماشائی اس میں شریک ہوتے ہیں،،، باکو کا ٹریک دنیا کے منفرد ترین فارمولا ون سرکٹس میں شمار ہوتا ہے۔اس لیے لوگ یہاں اس ریس کو دیکھنے کے لیے خاص طور پر آتے ہیں،،، ہم نے ریس کے حوالے سے مزید معلومات لیں تو پتہ چلا کہ اس ٹریک کی لمبائی 6.003 کلومیٹر ہے۔اور ایک ریس میں 51 چکر لگائے جاتے ہیں۔ اس کا راستہ بحیرہ کیسپین کے ساحل سے گزرتا ہے۔ ٹریک کا ایک حصہ باکو کے تاریخی شہر اور قدیم فصیلوں کے درمیان سے گزرتا ہے۔ تیز رفتار سیدھی سڑکوں اور تنگ موڑوں کا امتزاج اسے منفرد بناتا ہے۔ آذربائیجان اس ایونٹ پر بہت زیادہ خرچ کرتا ہے،،، اس کی وجوہات کچھ بھی ہوں لیکن بنیادی وجہ یہی ہے کہ دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا،،، کیوں کہ دنیا بھر سے ہزاروں غیر ملکی شائقین باکو آتے ہیں، ہوٹل، ریستوران اور ٹرانسپورٹ کا کاروبار بڑھتا ہے۔دنیا کے کروڑوں ٹی وی ناظرین باکو کی عمارتیں، ساحل، تاریخی مقامات اور جدید انفراسٹرکچر دیکھتے ہیں۔اور آذربائیجان خود کو بین الاقوامی کاروبار اور سیاحت کے لیے ایک اہم مقام کے طور پر پیش کرتا ہے۔اس کے علاوہ عالمی کھیلوں کے ذریعے ملک اپنا مثبت تشخص اور بین الاقوامی روابط مضبوط کرتا ہے۔
ہم آرام کرنے کے بعد شام کو باکو شہر کے لیے نکلے تاکہ کسی اچھی جگہ پر کھانا کھا سکیں،،، اس کے لیے ہم نے نظامی اسٹریٹ کا انتخاب کیا ،،، جو واقعی قابل دید ہے،،، باکو کی نظامی اسٹریٹ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کی سب سے مشہور، خوبصورت اور مصروف ترین سڑکوں میں سے ایک ہے۔ اگر آپ باکو کی اصل شہری زندگی، شاپنگ، تاریخی عمارتیں اور رات کی رونق دیکھنا چاہتے ہیں تو نظامی اسٹریٹ ایک خاص مقام رکھتی ہے۔ ویسے اس سڑک کا نام آذربائیجان کے عظیم فارسی زبان کے شاعر نظامی گنجوی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ نظامی گنجوی 12ویں صدی کے معروف شاعر تھے۔ ان کی مشہور تصانیف میں خمسہ (پانچ مثنویاں) شامل ہیں۔یہ سڑک 19ویں صدی میں باکو کی ترقی کے ساتھ اہمیت اختیار کرتی گئی۔ اس زمانے میں تیل کی دولت نے باکو کو ایک بین الاقوامی تجارتی شہر بنا دیا تھا۔باکو کے لوگ آج بھی نظامی اسٹریٹ کو عام طور پر ترگووایا کہتے ہیں۔روسی زبان میں Torgovaya کا مطلب ہے تجارتی سڑک۔19ویں صدی میں یہاں دکانیں، کاروباری مراکز اور تجارتی ادارے قائم ہوئے، اسی لیے یہ نام مشہور ہوا۔ 1962ءمیں اسے باضابطہ طور پر نظامی اسٹریٹ کا نام دیا گیا۔
ہم نظامی اسٹریٹ میں موجود ہی تھے کہ وہاں پر ”لوڈ شیڈنگ“ کی وجہ سے لائیٹ چلی گئی،،، دل میں سوچا کہ یہاں ہمارے حکمرانوں کو کافی آنا جانا شروع ہو چکا ہے،،، ہو سکتا ہے، اُنہوں نے یہاں کے حکمرانوں کو بھی Savingکے منصوبے بتا دیے ہوں، جن پر یہ عمل کرکے اپنے ملک کی ناﺅ بھی ڈبونے لگے ہیں،،، لیکن پھر اس خیال سے ذہن کو جھٹک دیا،،، کہ ہمارے جیسے شاہکار قسم کے وزراءاور بیوروکریٹ دنیا میں بہت نایاب ہیں،،، خیر بات ہو رہی تھی نظامی اسٹریٹ کی تو وہاں صفائی کے انتظامات اس قدر شاندار تھے کہ لگ ہی نہیں رہا تھاکہ یہاں گردو غبار کبھی ہوتا بھی ہوگا ،،، یہ اسٹریٹ صرف خریداری، کیفے اور خوبصورت عمارتوں کی وجہ سے مشہور نہیں، بلکہ یہ شہر کی تاریخ اور تہذیب کا ایک اہم حصہ ہے۔باکو میں تیل کی دریافت اور اس کے بعد آنے والی معاشی ترقی نے شہر کی شکل بدل دی۔ اسی دور میں یہاں شاندار عمارتیں، تجارتی مراکز، دکانیں اور یورپی طرزِ تعمیر پروان چڑھا۔آج یہ باکو کے مرکزی اور مصروف ترین علاقوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں پرانی تاریخی عمارتیں، جدید برانڈز، ریسٹورنٹس، کیفے اور خوبصورت روشنیاں ایک ساتھ نظر آتی ہیں۔یہاں چلتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ باکو نے اپنی تاریخ کو مٹایا نہیں، بلکہ اسے جدید دور کے ساتھ خوبصورتی سے جوڑ دیا ہے۔ بہرحال کچھ جگہیں صرف تصویروں کے لیے نہیں ہوتیں،وہ تاریخ کو قریب سے محسوس کرنے کے لیے ہوتی ہیں۔ اور یہی یہاں کی نظامی اسٹریٹ کا خاصا ہے،،،
اگر ہم یہاں کے مذہب کی بات کریں تو آذربائیجان آئینی طور پر ایک سیکولر ملک ہے، تاہم اس کی تقریباً 95 سے 97 فیصد آبادی مسلمان ہے۔ یہاں مذہب کو سیاست اور ریاستی قوانین سے الگ رکھا گیا ہے، اور زیادہ تر شہری اسلام کو اپنی ثقافتی اور قومی پہچان کے طور پر دیکھتے ہیں۔آذربائیجان کے مسلمانوں کی اکثریت اہل تشیع (تقریباً 65 سے 85 فیصد) ہے، جبکہ اہل سنت (تقریباً 15 سے 35 فیصد) بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ روایتی طور پر دونوں مسالک کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور باہمی فرق کو زیادہ شدت سے نہیں دیکھا جاتا۔جبکہ اقلیتیں بھی یہاں موجود ہیں،،، جیسے ملک میں مسیحی (آرتھوڈوکس اور آرمینیائی کلیسا) اور یہودی برادریوں کی عبادت گاہیں اور قدیم مراکز بھی موجود ہیں۔وہاں پر شخصی آزادی ضرور ہے، مگر مذہبی تنظیمیں کنٹرول میں ہیں،،، وہاں مذہبی منافرت پھیلانے پر سخت پابندی ہے، وہاں پر مذہبی لٹریچر پھیلانے کی اجازت صرف سرکار کو ہے،،، وہاں فرقہ واریت کی بات کرنا بھی گناہ سمجھا جاتا ہے،،،وہاں پر مساجد کا کنٹرول بھی سرکار کے ہاتھ میں ہے،،، مساجد کو بنانا بھی سرکار ہی کی ذمہ داری ہے،،، ایسا نہیں ہے کہ جس کا جہاں دل چاہا وہاں مسجد بنا دی،،، وہ خواہ جگہ غیرقانونی ہے،،، غیر رجسٹرڈ ہو یا قبضے کی جگہ ہو،،، اس لیے وہاں ایسی عبادت گاہیں تعمیر کرنے کی سختی سے ممانعت ہے،،،تبھی یہاں مسجدیں انتہائی کم ہیںآپ 5یا دس کلو میڑ کے بعد ہی شاید کو ئی مسجد دیکھیں ، تبلیغ کی سرکاری طور پر ممانعت ہے۔معذرت کے ساتھ شاید یہاں پر امن بھی انہی سختیوں کی وجہ سے قائم ہے،،،
ہاں! وہاں پر ہم حضرت بی بی ہیبت ؒخانم کے مزار پر ضرور گئے،،، یہ مزار حضرت امام موسیٰ کاظم ؒ کی تین صاحبزادیوں میں سے ایک کا تھا،،، اُن کی دیگر صاحبزادیوں کے نام رحیمہ خانم اور حضرت لیلیٰ تھیں، جن کے مزارات مختلف مقامات پر واقع ہیں،،، خیر بی بی ہیبتؒ کے مزار کا احاطہ بہت وسیع و عریض اور بڑا عالیشان تھا،،، جہاں ہر وقت زیادہ تر خواتین کی حاضری رہتی ہے۔ مزار کے گنبد کے اندرونی حصہ میں شیشہ کاری کا کام ہوا ہے جبکہ مزار و مرقد پر بھی شیشہ کا کام ہوا ہے۔ مزار کے ملحقہ چھوٹی سی مسجد بہت سادہ شاندار اور گنبدوں سے مزین ہے۔ مزار سے علیحدہ کچھ فاصلے پر ایک عالیشان مسجد الگ سے بنی ہے۔ وقت کی کمی اور سفر کی وجہ سے باقی دو بیٹیوں کے مزارات پر حاضری نہ ہو سکی۔
اگر ہم باکو میں کرائم کی بات کریں تو وہاں اگر آپ رات 3بجے سنسان سڑک پر پیدل بھی سفر کر رہے ہیں تو یہ آپ کے لیے محفوظ ہے،،،یعنی رات یا دن کے وقت عام طور پر باکو کی سڑکوں پر چلنا محفوظ سمجھا جاتا ہے اور لوگ خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ کیوں کہ وہاں کرائم کا تناسب صفر ہے،،، وہاں پر حقیقی سیف سٹی قائم ہے،،، جو غیرقانونی رہنے والوں کو بھی 24گھنٹے میں ڈھونڈ نکالتے ہیں،،، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ یہاں جرائم پیشہ افراد نہیں ہوں گے،،، لیکن یہ اتنا نایاب لگتا ہے کہ جب ایسا ہوتا ہے تو یہ مہینوں تک ٹی وی پر رہتا ہے۔اگر وہاں پر کرائم ہیں بھی تو جسمانی حملوں اور مسلح ڈکیتی جیسے پرتشدد جرائم کی شرح بہت کم ہے۔پھر وہاں پر چوری، ڈکیتی اور توڑ پھوڑ (Vandalism) جیسے املاک کے جرائم کی شرح بھی کم ہے۔پھر منشیات کے استعمال یا خرید و فروخت سے متعلق مسائل کو بھی کم شرح میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم خطے میں ٹرانزٹ کے طور پر منشیات کے کچھ چیلنجز موجود ہیں۔اور پھر اگر کوئی جرائم کرتا پکڑا جائے تو اگر وہ آذربائیجان کا باشندہ ہے تو اُسے سخت سزا دی جاتی ہے، لیکن اگر کوئی سیاح ہے یا کسی دوسرے ملک کا باشندہ یہاں کاروبار کی نیت سے رہ رہا ہے تو اُسے ڈی پورٹ کر دیا جاتا ہے،،،
بہرحال یہاں پر اگر لباس کے حوالے سے بات کی جائے تو عورتیں لباس نہایت ہی مختصر پہنتی ہیں، میک اپ، بناﺅ سنگھار، جوتے، پرس کا بہت شوق ہے۔ مرد بھی پینٹ شرٹ پہنتے ہیں اور چست لباس ہوتا ہے۔ مرد زیادہ تر وقت کافی شاپ پر گزارتے ہیں۔اور چونکہ باکو ایک سیکولر اور کسمو پولیٹن (بین الاقوامی ثقافت والا) شہر ہے، اس لیے یہاں مرد اور خواتین عام طور پر جینز، شرٹس، ٹی شرٹس، فراک اور ٹراو¿زر جیسے عام مغربی لباس پہنتے ہیں۔اگرچہ باکو کے شہر میں کوئی سخت مذہبی ڈریس کوڈ نہیں ہے، لیکن مساجد، مزارات یا دیہی علاقوں میں جاتے وقت مناسب اور باحیا لباس (کندھے اور گھٹنے ڈھکے ہوئے) پہننا بہتر سمجھا جاتا ہے۔باکو کے اچھے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، تھیٹرز (جیسے اکیڈمک فلہارمونک ہال) یا نائٹ لائف کے مقامات پر لوگ اسمارٹ کیڑول یا ذرا زیادہ تیار ہو کرجانا پسند کرتے ہیں۔آذربائیجان کے روایتی کپڑے عام طور پر خاص تہواروں، ثقافتی تقریبات یا قومی دنوں پر پہنے جاتے ہیں۔ مردوں کے روایتی لباس میں آرخالیق اور بھیڑ کی کھال کی ٹوپی پاپاق (Papaq) شامل ہیں، جبکہ خواتین کے روایتی لباس میں ریشم کا مشہور کیلاغائی (Kelaghayi) اسکارف اور رنگ برنگے خوبصورت ملبوسات شامل ہوتے ہیں۔باکو میں گرمیاں گرم اور خشک ہوتی ہیں اس لیے ہلکے اور ہوادار کپڑے پہنے جاتے ہیں، جبکہ سردیوں میں یہاں کافی سردی اور تیز ہوائیں چلتی ہیں اس لیے کوٹ، جیکٹس اور گرم ملبوسات کا استعمال ہوتا ہے۔
اسی طرح باکو میں شراب عام بکتی ہے،،، یہاں شراب خانے بھی عام بات ہے،،، لیکن یہاں کی ایک خاص بات یہ ہے کہ مقامی لوگ سگریٹ نوشی زیادہ کرتے ہیں، مگر شراب نوشی سے پرہیز کرتے ہیں،،، لیکن میں یہ سمجھتا ہوں کہ اگر یہاں پر بھی شراب پر پابندی لگا دی جائے تو شراب پینے والے بڑھ جائیں گے،،، کیوں کہ جب آپ کسی عام چیز پر پابندی لگاتے ہیں تو وہ ہر ایک کے لیے خاص بن جاتی ہے،،،ا ور لوگ اُس کی طرف زیادہ کھینچے چلے آتے ہیں،،، جیسے آپ پاکستان ہی کو دیکھ لیں،،، آذربائیجان میں جتنی بھی شراب مقامی طور پر تیار ہوتی ہے، یا بیرون ملک سے آتی ہے، اُس کا ٹیکس ریونیو سرکار کو جاتا ہے ،،، مگر پاکستان میں یہ اسمگل ہو کر آتی ہے،،، جس کی وجہ سے یہاں پینے والوں کی تعداد بھی نسبتاََ زیادہ ہے،،،ا ور پھر یہاں مافیا بھی سرعام خطرناک قسم کے کیمیکل بیچتا ہے،،، جس سے عام شہری ہلاک ہوتے ہیں،،، میں یہ نہیں کہتا کہ یہاں بھی شراب خانے عام کر دیے جائیں گے،،، مگر حکومت اس حوالے سے سوچ سکتی ہے کہ وہ اس اربوں روپے کی انڈسٹری سے کیسے فائدہ حاصل کر سکتی ہے،،، کیوں کہ آپ لاکھ جتن کر لیں یہ سلسلہ نہیں رُک سکتا،،، تو کیوں نہ سرکار اس کو اپنے ہاتھ میں لے کر اس پر نئے سرے سے قانون سازی کرلیں،،، کیونکہ بھٹو دور سے پہلے یہاں پر شراب عام بکتی تھی،،، (لیکن بھٹو صاحب نے دباﺅ میں آکر اس پر پابندی لگادی جسے مافیاﺅں کو فائدہ ہوا،،، حالانکہ بھٹو صاحب خود بھی مئے نوشی کیا کرتے تھے،،، ) اور کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ وہ عوام کو نقصان دہ کیمیکل بیچے اور ان کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کرے۔ لیکن باکو میں ہم نے دیکھا کہ ہر سپر سٹور میں دو تین قطاریں شراب کے مختلف برانڈز کی تھیں،،، اور لوگ ٹیکس بھی ادا کر رہے تھے اور خرید بھی رہے تھے،،،
خیر یہاں کی کرنسی ”منات“ ہے پاکستانی 160 روپے کے بدلے ایک منات ملتا ہے، امریکی ڈالر بھی عام ہے،،،اگر حکومت پاکستان آذربائیجان کی حکومت سے سرکاری طور پررابطہ کر کے ٹیکنیکل ہنر مند اور اعلی تعلیم یافتہ افراد کے لیے روز گار کے حوالہ سے مذاکرات کریں اور مستقل کوششیں کی جائیں تو یقیناً بہتر نتائج ہو سکتے ہیں کیونکہ اس ملک میں تیل اور گیس کے وافر خزانے موجود ہیں۔ البتہ ایک بات ضرور ہے کہ اس ملک کے عوام الناس اور اہم افراد بھی عمران خان اور جنرل پرویز مشرف کا نام بڑی عزت سے لیتے ہیں اور اکثریت انہیں جانتے ہیں۔ آذر بائیجان میں اللہ پاک نے پھلوں کی وافر نعمتیں عطا کی ہیں۔ جن میں مختلف قسم کا انگور، انجیر، ناشپاتی، آڑو، سیب، انار، آلو بخارہ، تربوز، جاپانی پھل، گرما، سرما اور زیتون وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ سبزہ ہر جگہ نظر آتا ہے بلکہ ہائی ویز کے ساتھ بھی گرین بیلٹ کا بڑا اہتمام ہے جو آنکھوں کو بھلا لگتا ہے۔
جیسا کہ میں نے پہلے ذکر کیا کہ آذربائیجان ایک اسلامی ملک ہے، جہاں 95فیصد آبادی مسلم ہے،،، لیکن یہ ایک سیکولر ریاست ہے،،، یہاں کے سرکاری ٹی وی پر اکثر اعلان بھی ہوتے ہیں کہ آذربائیجان ایک مسلم ملک ضرور ہے، لیکن ایک سیکولر ریاست ہے۔آذربائیجان میں ریاست اور مذہب کے تعلقات سیکولر ملک اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کے مطابق طے کیے جاتے ہیں۔ہماری اپنی اقدار اور قومی شناخت ہے۔ ریاست ایسے ہر اقدام کو روکے گی جس کا مقصد اس قومی شناخت میں عرب اور فارسی اقدار شامل کرنا ہو، یعنی ہمارے چھوٹے بچوں کی سوچ اور زندگی کو دیکھنے کے انداز کو اسکول کی عمر ہی سے تبدیل کرنا اور بگاڑنا ہو۔ یہ بات اچھی طرح جان لیں۔میری ناقص رائے میں یہ عمل بہترین ہے،،، کیوں کہ وہاں آزاد ماحول پروان چڑھ رہا ہے،،، لڑکے اور لڑکیوں کے ملبوسات جدید طرز کے اور ان کا میل جول بھی آزادانہ ہیں۔ یہاں فن و ثقافت کو فروغ دینے کی روایت حکومت نے برقرار رکھی ہے اور جبھی اکثر جگہ ہلکی موسیقی کان میں پڑتی ہے اور انٹرٹینمنٹ کے لیے وہاں جدید طرز کے ڈانسنگ کلب بھی ہیں،،، جہاں آپ کو زیادہ تر سعودی شہزادے نظر آئیں گے،،، ان کلبوں میں آپ کو تنگ کرنے والا بھی کوئی نہیں ہوتا،،، وہاں جا کر آپ اپنی منشاءپر رقص کر سکتے ہیں،،، یہاں آپ کو رقاصائیں بھی ملیں گی،،جو عموماََ مقامی ، روسی اور یوکرینی ہوتی ہیں،،، آپ ان سے بات چیت کر سکتے ہیں،،، اور اگر اُن کی مرضی بھی شامل ہو تو وہ بھی آپ کے ساتھ وقت گزار سکتی ہیں،،، لیکن یہ سب کچھ ایک دائرے اور قانون میں رہ کر کرنا لازم ہوتا ہے،،، کیوں کہ یہاں قانون کی پاس داری کرنالازمی ہے اور کوئی بھی غیرقانونی کام کرنے پر گرفت کی جاتی ہے۔میرے خیال میں یہ اقدام اُن کی ترقی کے لیے بہترین بھی ہے، کیوں کہ ایسا کرکے آپ ملک کو ترقی کا ایک ایسا راستہ فراہم کرتے ہیں،،، جس پر دنیا چل کر ترقی کر رہی ہے،،، کیوں کہ ہمارے جیسے ملک جو آدھے تیتر اور آدھے بٹیر کی حیثیت رکھتے ہیں وہ بیچ میں اٹکے ہوئے ہیں،،، جنہیں ہر کوئی اپنے اپنے مطلب کے لیے استعمال کرتا ہے،،،
خیر ہم نے باکو کو جدید طرز کی عمارتوں اور بہترین انفرااسٹرکچر کے ساتھ قدیم و جدید روایت اور ثقافت کا ایسا شہر پایا جو بلاشبہ قابلِ ذکر ہے۔ اس سے بڑھ کر میں نے یہاں کے ماحول اور طرزِ تعمیر میں بڑی کشش محسوس کی ۔پھر ہم باکو کے مشہور مقام ’ینار داگ‘ بھی گئے جو ایک پہاڑی مقام ہے اور وہاں کا آتش کدہ دیکھا جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس میں جو آگ بھڑک رہی ہے، اس کے شعلے ہزاروں سال سے اسی طرح اٹھ رہے ہیں۔ ایک سو میٹر بلند اس پہاڑی کا ذکر مارکو پولو نے بھی اپنی ایک کتاب میں کیا تھا۔ یہ ہی نہیں بلکہ آذربائیجان میں آگ کے شعلوں کا نظارہ کئی دوسرے علاقوں میں بھی کیا جاسکتا ہے جہاں کئی سال سے آگ کے آلاو¿ روشن ہیں۔ تاہم اس ملک کے پہاڑی نما جزیرے کے بارے میں مشہور ہے کہ اس کی آگ ایک لمحے کو بھی نہیں بجھ سکی ہے۔آسمان سے برستا ہوا تھوڑا بہت پانی ہو یا طوفانی بارش، اس آگ کو کوئی نہیں بجھا سکا۔ ینار داگ کی آتش گاہ کے بارے میں بہت سے لوگ ناقابلِ یقین واقعات سناتے ہیں اور افسانے بیان کرتے ہیں جس کی حقیقت صدیوں کے دوران کہیں گم ہوچکی ہے۔بہرحال، یہ طے ہے کہ اس سرزمین کے آتش کدوں اور ان کے بھڑکتے رہنے کی ایک وجہ زمین کی سطح پر تیل کا جمع ہوجانا ہے جن میں سورج یا کسی دوسری وجہ سے آگ بھڑک اٹھتی اور پھر شعلے بھڑکتے رہتے۔ زرتشتوں نے ان پر آتش کدے تعمیر کیے جو ان کے لیے خدائی صفات سے معمور مقام اور ایک روحانی مرکز ہیں۔ ہم نے دو بڑے آتش کدوں ینار دگ اور مشہور ترین آتش گاہ سورا خانی کی سیر کی۔ آتش گاہ دارالحکومت باکو سے تقریباً تیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور ایک ایسی کھلی وسیع دالان والی عمارت ہے جس میں پتھروں کی دیوار بنائی گئی ہے اور ان کے ساتھ قدیم دور میں حجرے بھی تعمیر کیے گئے تھے جہاں یقیناً عبادت کرنے والے اور زیارت کے لیے آنے والے قیام کرتے ہوں گے۔ اسے عام طور پر آتش گاہ کہتے ہیں۔
بہرحال باکو میں میری روزانہ کی روٹین یہی رہی کہ دن کے وقت سوتے رہنا اور عموماََرات کو جگہیں ایکسپلور کرنا،،، باکو شہر میں ان مقامات کی سیر کے ساتھ ہم مختلف علاقوں میں سڑکوں اور شاپنگ مالز میں بھی گھومتے رہے لیکن حیرت انگیز طور پر خوب صورت اور پختہ سڑکوں کے اطراف سبزہ یعنی گرین بیلٹ، صفائی ستھرائی متاثر کن تھی۔ مجھے حیرت ہوئی کہ باکو اس قدر منظم طریقے سے تعمیرات کے ساتھ ایک قانون اور ضابطے میں ڈھلا ہوا کیسے ہے۔ہمارا کراچی بھی تو ملک کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے ،،، اور یہاں گزشتہ 20سال سے ایک ہی جماعت کی حکومت ہے،،، جو اس شہر کو ترقی دینے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے سے قاصر رہی ہے،،،
بہرحال ہمارا مقامی لوگوں سے جتنا بھی واسطہ پڑا،،، اُنہوں نے ہمیں کسی حوالے سے بلیک میل، ہراساں یا تنگ نہیں کیا،،، مگر بظاہر وہ معاون اور مددگار نظر آتے تھے۔ یا پھر ہم سے یکسر انجان اور بے نیاز اور یہ بھی اچھی بات تھی۔ آذربائیجان میں میرے کان میں ایک دو جگہ ایسے الفاظ پڑے جو ہماری زبان کا حصہ تھے۔ مجھے خوشگوار حیرت ہوئی اور بعد میں معلوم ہوا کہ ان کی زبان میں ترکی اور فارسی کے کئی الفاظ شامل ہیں۔
بہرحال آخری دو تین دنوں میں ہم نے باکو کے خوبصورت علاقے ”منی وینس“ کی سیر کی اور رات کا ڈنر بھی وہیں سے کیا،،، منی وینس دراصل مصنوعی نہروں میں کشتیوں کی سیر، خوبصورت ریسٹورنٹس، جہاں پانی کے پرسکون راستے اور خوبصورت ماحول ہر لمحے کو یادگار بنا دیتے ہیں۔ باکو میں سمندر کے کنارے یہ چھوٹا سا وینس صاف پانی، رنگین پھول، کشتیاں ، بالکل جنت جیسا منظرپیش کرتے ہیں،،، ہم نے اسی وینس کے درمیان میں ایک ریسٹورنٹ جس کا نام ”صدف“ تھا میں کھانا کھایا تو میں نے سوچا کہ ہماری سندھ میں کینجھر جھیل، شمالی پاکستان کی متعدد جھیلیں اور دریائے سندھ میں بھی ایسے ہی خوبصورت ہیں، بس تھوڑی توجہ چاہیے!لیکن توجہ کرے کون؟
پھر وہاں کی راتوں کی خنکی کی باتیں ہی الگ ہیں،،، سمندر کنارے ہوٹل کا ایک فائدہ یہ بھی ہوتا ہے کہ آپ اُس کی بالکونی (ٹیرس) میں بیٹھ کر پورے چاند کی روشنی کو انجوائے کرتے ہیں،،، ہم نے بھی وہی کیا اور ساتھ ٹھنڈے موسم کو بھی خوب انجوائے کیا،،، انجوائے کرتے بھی کیوں نہ ایسی راتیں زندگی میں بار بار نہیں ملتیں،،، پھر وہاں کچھ مقامی لوگوں سے ہماری نشست ہوئی تو ایک صاحب کہنے لگے،،، کہ پاکستان ہو یا آذر بائیجان، مجھے تو ان دونوں ملکوں میں کوئی فرق لگتا نہیں۔ کیوں آپ کبھی پاکستان گئے ہیں؟ میں نے پوچھا، ’نہیں میں کبھی پاکستان تو گیا نہیں‘ انھوں نے وضاحت کی اور بتایا کہ ہر آذری یہ جانتا ہے کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جس نے آزاد آذربائیجان کو تسلیم کیا تھا۔پہلا یا دوسرا؟ میرے اس سوال پر کہنے لگے کہ چند دقیقوں یعنی منٹوں سے کیا فرق پڑتا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ترکی ہو یا پاکستان، ان دونوں ملکوں نے ایک ہی وقت میں ہماری آزادی کو تسلیم کر کے ہمیں اقوام عالم میں عزت کے ساتھ کھڑے ہونے کا موقع فراہم کیا۔
بہرکیف باکو روسی اور یورپی آرکیٹیکٹ کی خوبصورت اور قدیم عمارتوں کا امتزاج ہے۔ پھر ہم نے اندرون لاہور کی طرز پر ”اندرون باکو“ جسے پرانا باکو بھی کہا جاتا بھی دیکھا یہاں ترک، یورپی اور ایرانی سیاحوں کی اکثریت نظر آئے گی۔ وہاں بھی ہم نے ڈنر کیا،،، لیکن ہم اپنے ٹیکسی ڈرائیور کے ”جال“ میں پھنس گئے،،، کیوں کہ ہم جو کچھ وہاں کھانا چاہ رہے تھے،،، وہاں کے ریسٹورنٹ کے مالک نے اپنی مرضی ہم پر مسلط کی،،، اور اپنی مرضی کی مہنگی ڈشیں لا دیں،، جو ہم سے کھائی نہ گئیں،،، اور ٹیکسی ڈرائیور کے جال سے مراد کہ یہ ریسٹورنٹ ہم نے اُس کے کہنے پر منتخب کیا تھا،،، خیر ہمارا مقصد قدیم شہر سے لطف و اندوز ہونا تھا ،،، یعنی ہم چاہتے تھے کہ ہم قدیم شہر یا اچاری شہر کی فصیلیں اور شہر کی تنگ گلیوں میں پیدل چلتے عمارتوں سے لطف اندوز ہوں۔ قدیم شہر کے اندر ہی سیاحتی مقام بارہویں صدی کا میڈن ٹاور بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ آذربائیجان کے سابق صدر حیدر علیئف کے نام سے منصوب حیدر علییف سینٹر بھی قابل دید ہے۔ سینٹر میں کارپٹ میوزیم، آذربائیجان کے مشہور عمارتوں کے منی ایچر میوزیم، موسیقی کے آلات کا میوزیم، ونٹیج گاڑیاں اور دیگر دلچسپ اشیا دیکھی جا سکتی ہیں۔
پیدل چلنے والے شوقین افراد کے لیے بحیرہ قزوین یا کیسپین سی کے کنارے باکو بلیوارڈ ایک بہترین جگہ ہے جہاں بحیرہ قزوین یا کیسپین سی کی ٹھنڈی ہوا میں 20 کلومیٹر تک انتہائی چوڑے اور ٹریفک سے پاک فٹ پاتھ پر پیدل سفر کا مزا لیا جا سکتا ہے۔ پھرسرسبز پارک، کارپٹ میوزیم، لندن آئی کی طرح باکو آئی جس کے بڑے سائز کے وہیل میں بیٹھ کر باکو شہر دیکھا جا سکتا ہے۔ پہاڑی پر بنے مشہور فلیم ٹاور، شہدا قبرستان اور ہائی لینڈ پارک سے باکو شہر کو اونچائی سے دیکھا جا سکتا ہے۔باکو چڑیا گھر بھی بہترین تفریحی مقام ہے جہاں شیر، ہرن، رنگ برنگی طوطے، مچھلیاں اور دیگر چرند پرند دیکھے جا سکتے ہیں۔پھر آپ شاپنگ کے لیے سدرک بازار اور بانو بازار بھی جا سکتے ہیں،،، ہم وہاں گئے بھی اور روایتی شاپنگ بھی کی ،،، جو اس قدر سستی تھی کہ ہمارے ہوش اُڑ گئے،،، جس کا پھر کبھی ذکر کروں گا،،،
بہرحال پاکستانیوں کے لیے کسی ملک کا ویزا دستاویزات کی طویل فہرست کی وجہ سے ملنا مشکل ہوتا ہے اور ویزا نہ ملنے کے امکانات بھی ہوتے ہیں، اگر ویزا مل بھی جائے تو طویل سفر کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس لیے باکو ایک بہترین آپشن ہے۔ آذربائیجان کا آن لائین ویزا اور ساڑھے تین گھنٹے کی ڈائرکٹ فلائیٹ کے باعث باکو کا سفر آسان اور قابل عمل ہے۔خیر ہم جب واپسی کے لیے ائیرپورٹ کے لیے نکلے تو ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ باکو شہر میں اس قدر ٹریفک جام ملے گا،،،ا ور یہ ٹریفک جام فارمولا ون ریس کے لیے سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے تھا،،، لیکن ہم بمشکل ہوٹل سے ائیرپورٹ پہنچے اور فلائیٹ لی اور گھر خیریت سے پہنچے!

