یروشلم (ٹائمز آف اسرائیل) اسرائیلی پارلیمنٹ نے طویل احتجاجی کارروائی اور 6 گھنٹے کی تاخیری حکمت عملی کے بعد یاشار پارٹی کے رکن ماتان کہانا کو نیا اسپیکر منتخب کرلیا۔ انہیں 66 ووٹ ملے جبکہ وزیراعظم بینجمن نتن یاہو کے حمایت یافتہ امیدوار اوفیر کاٹز 52 ووٹ حاصل کرسکے۔
ماتان کہانا نے نتن یاہو کے سیاسی حریف اور یاشار کے سربراہ گادی آئزن کوٹ کے زیرِ قیادت اتحاد کی حمایت سے کامیابی حاصل کی۔ اس اتحاد میں یاشار کے علاوہ اسرائیل بیتینو، سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی جماعت بیاخاد، سابق نائب فوجی سربراہ یائر گولان کی ڈیموکریٹس پارٹی اور عرب ارکان پر مشتمل رام اور جوائنٹ لسٹ شامل تھیں۔
ان 6 جماعتوں کے پاس پارلیمنٹ کی 120 نشستوں میں سے مجموعی طور پر 67 نشستیں ہیں۔ اسپیکر کے انتخاب کے لیے ڈالے گئے ووٹوں کی سادہ اکثریت درکار تھی۔ رام کے رکن یاسر حجیرات ووٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔ نتن یاہو کے اتحاد کے 53 ارکان میں سے 52 نے اوفیر کاٹز کی حمایت کی جبکہ لیکوڈ کے رکن نیر برکات غیر حاضر رہے۔ انتہائی مذہبی جماعت یونائیٹڈ تورہ جوڈازم نے بھی کاٹز کے حق میں ووٹ دیا۔
یہ انتخاب گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات میں پارلیمانی اکثریت کھونے کے بعد نتن یاہو کے سیاسی اتحاد کیلئے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔ نئے اسپیکر کے انتخاب سے آئزن کوٹ کے اتحاد کو پارلیمنٹ کے معاملات اور قانون سازی پر زیادہ اختیار حاصل ہوگیا ہے، جبکہ نئی حکومت کی تشکیل کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔
اسرائیلی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو قانون سازی کے ایجنڈے اور پارلیمانی کارروائی میں اہم اختیار حاصل ہوتا ہے۔ اسپیکر نائب اسپیکروں کے ساتھ پارلیمانی پریزیڈیم کا حصہ ہوتا ہے، جو ایوان کے اجلاسوں کا ایجنڈا طے کرنے اور قانون سازی سمیت دیگر پارلیمانی امور کی منظوری دیتا ہے۔
ماتان کہانا نے سابق اسپیکر امیر اوحانا کی جگہ منصب سنبھالا۔ اوحانا نے انہیں اسپیکر کا ہتھوڑا پیش کیا، جس پر ان کے حامی ارکان نے تالیاں بجائیں جبکہ مخالف ارکان نے نعرے لگائے۔ اس دوران لیکوڈ اور انتہائی دائیں بازو کی جماعت اوتسما یہودیت کے ارکان نے بار بار اعتراضات اٹھائے اور عرب جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے پر آئزن کوٹ کے اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
نئے اسپیکر ماتان کہانا نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ وہ اسرائیلی پارلیمنٹ کے تمام شہریوں کے اسپیکر کی حیثیت سے کام کریں گے، خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب، نسل یا جنس سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نئی حکومت وسیع اتفاق رائے سے عدالتی نظام میں ضروری اصلاحات کرے گی، تاہم اس وقت تک پارلیمنٹ عدالتی فیصلوں پر بلاچون و چرا عمل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پارلیمنٹ نے کئی مرتبہ اسرائیلی شہریوں کو شرمندگی کا سامنا کرایا ہے۔ ایوان کو انتہا پسندی، نفرت اور تقسیم کی سیاست سے نکل کر اختلاف رکھنے والوں کو سمجھنے اور ان کے مؤقف کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے گادی آئزن کوٹ کو اصولوں پر مضبوطی سے قائم رہنے والا رہنما قرار دیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ ملک کو متحد کرنے اور اس کے تحفظ کیلئےنئی حکومت کے قیام کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اسپیکر کے انتخاب کے بعد پارلیمنٹ نے 9 نائب اسپیکروں کا بھی انتخاب کیا۔ ان میں بیاخاد کے ایتان گنزبرگ، ڈیموکریٹس کے یایا فنک، اسرائیل بیتینو کے اودیر فورر، رام کے ولید طہٰ، جوائنٹ لسٹ کے احمد طیبی، یونائیٹڈ تورہ جوڈازم کے یتزحاق پندروس، لیکوڈ کے جیکب بردوگو، شاس کے مائیکل ملکئیلی اور اوتسما یہودیت کی لیمور سون ہار میلیک شامل ہیں۔
گادی آئزن کوٹ نے ماتان کہانا کے انتخاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سربراہی میں پارلیمنٹ تمام شہریوں کا ایوان بن کر اپنا کردار ادا کرے گی۔ سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے بھی کہانا کو محب وطن اسرائیلی قرار دیتے ہوئے ان کی حمایت کی اور دونوں کے فوج میں ساتھ خدمات انجام دینے کا حوالہ دیا۔
دوسری جانب نتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور اس کے اتحادیوں نے انتخاب کو پارلیمنٹ کی تاریخ کا شرمناک واقعہ قرار دیا۔ لیکوڈ کے بیان میں کہا گیا کہ ماتان کہانا کو دہشت گردی کے حامیوں کے ووٹوں سے منتخب کرایا گیا ہے اور اسرائیلی عوام ملک کی حکمرانی ان لوگوں کے حوالے کرنے کے حق میں نہیں جو قومی ترانے کی توہین کرتے ہیں۔
وزیر خزانہ اور مذہبی صہیونیت پارٹی کے سربراہ بیزلیل سموٹریچ نے بھی انتخاب کو ناقابلِ قبول قرار دیا، جبکہ وزیر مواصلات شلومو کرہی نے کہانا کو پارلیمنٹ کا رئیس کہا۔ وزیر قومی سلامتی ایتامار بن گویر نے بھی سوشل میڈیا پر اس انتخاب پر تنقید کی۔
ووٹنگ سے قبل عرب جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے پر دونوں سیاسی اتحادوں کے درمیان کئی روز تک تلخ بیانات کا تبادلہ ہوتا رہا۔ جوائنٹ لسٹ کے سربراہ یوسف جبارین نے کہانا کی حمایت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے تبدیلی لانے کا وعدہ کیا تھا اور وہ اسے پورا کررہی ہے۔ رام نے بھی کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں ریاستی اداروں کی بالادستی بحال کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
اس سے قبل سموٹریچ نے پیشکش کی تھی کہ اگر ماتان کہانا عرب جماعتوں کے ارکان کو نائب اسپیکر مقرر نہ کرنے پر آمادہ ہوجائیں تو وہ اور لیکوڈ ان کی حمایت کرسکتے ہیں۔ کہانا نے اس شرط کو غیر ذمہ دارانہ سیاسی رویہ قرار دے کر مسترد کردیا تھا، جس پر سموٹریچ نے ان پر یہودیوں کے بجائے عربوں اور اپنے سابق فوجی ساتھیوں کے بجائے اخوان المسلمون کو ترجیح دینے کا الزام لگایا۔
نتن یاہو اور ان کے اتحادی پارلیمانی اکثریت کھونے کے بعد سے عرب جماعتوں کے ساتھ تعاون کو غیر معتبر قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں، جبکہ گادی آئزن کوٹ نئی حکومت کی تشکیل کے لیے لیکوڈ سمیت مختلف جماعتوں سے مذاکرات بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم ان کے ممکنہ اتحادیوں میں سے بعض نتن یاہو کے ساتھ حکومت میں شامل ہونے کے مخالف ہیں۔

