اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی الفاظ کی حد تک کچھ کہتی ہے، لیکن عملاً اس کا طرزِ عمل مختلف ہے، اسے اپنا سیاسی مؤقف واضح کرنا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی قیدیوں اور وفاقی اکائیوں کے حوالے سے جو باتیں کی ہیں، اپوزیشن بھی انہی مطالبات کی حمایت کرتی ہے، تاہم پیپلز پارٹی کو صرف بیانات دینے کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان پر اپوزیشن کا اعتماد ختم ہونے کی ذمہ داری بھی بلاول بھٹو نے قبول کی ہے، اب وہ اپنے مؤقف کو عملی طور پر ثابت کریں۔ میدان اور گھوڑا دونوں حاضر ہیں، وہ سامنے آئیں۔
ترجمان اپوزیشن اتحاد کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو جمہوری انداز اپناتے ہیں تو اپوزیشن انہیں خوش آمدید کہے گی اور ان کے ساتھ چلے گی، لیکن اس کے لیے پیپلز پارٹی کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ سیاسی قوتوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف ایک ہی حکومت میں شامل ہیں، لیکن ان کے درمیان بھی باہمی اعتماد کی کمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کا ذکر کیا، جبکہ سیاسی قیدیوں اور وفاقی اکائیوں کے بارے میں ان کا مؤقف بنیادی طور پر وہی ہے جو اپوزیشن پیش کرتی رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اس جدوجہد میں جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی قیادت سے بھی رابطے کیے جانے چاہئیں۔
اخونزادہ حسین یوسفزئی نے بتایا کہ جب بلاول بھٹو زرداری محمود خان اچکزئی سے ملاقات کے لیے آئے تھے تو اس وقت بھی انہیں کہا گیا تھا کہ جمہوریت کے لیے عملی اقدامات کریں۔

