روس کے علاقےسائبیریا میں فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ، تمام 19 افراد ہلاک

ماسکو (رائٹرز، الجزیرہ) روس کے علاقے سائبیریا میں فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں سوار تمام 19 افراد ہلاک ہوگئے۔رائٹرز کے مطابق روسی ساختہ اینٹونوف اے این 12 طیارہ جنوب مغربی سائبیریا کے علاقے کیمیروو میں یگونووو گاؤں کے قریب ایک غیر آباد مقام پر گرا۔ طیارہ معمول کی پرواز پر تھا اور اس میں عملے سمیت 19 افراد سوار تھے۔

روسی خبر رساں ادارے ریا کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزارتِ دفاع نے حادثے کی ابتدائی وجہ تکنیکی خرابی قرار دی ہے۔ روسی فضائیہ کے ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی کمیشن جائے حادثہ پر پہنچ گیا ہے تاکہ طیارہ گرنے کی وجوہات اور دیگر حالات کا جائزہ لیا جاسکے۔

علاقائی گورنر الیا سیریدوک نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر لگنے والی آگ بجھا دی ہے اور اب ان کی توجہ تحقیقات میں معاونت پر ہے۔ حادثہ کیمیروو شہر کے قریب پیش آیا۔ابتدائی اطلاعات میں ہلاکتوں کی تعداد 17 بتائی گئی تھی، تاہم روسی وزارتِ دفاع کے بعد کے بیان میں طیارے میں سوار تمام 19 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔