بیجنگ (کینیڈین پریس) کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی اور چینی صدر شی جن پنگ نے چین میں دوطرفہ ملاقات کے دوران متعدد اشیا پر تجارتی پابندیاں نرم کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت کینیڈین خنزیر کے گوشت اور سمندری خوراک کی چین کو برآمدات پر عائد محصولات ختم کیے جائیں گے، جبکہ کینیڈا چینی فولاد اور ایلومینیم کی مصنوعات کے لیے بھی تجارتی رعایتیں برقرار رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے موجودہ تجارتی معاہدے میں 2028ء تک توسیع کردی ہے۔ یہ معاہدہ رواں سال کے اختتام پر ختم ہونا تھا۔معاہدے کے تحت چین کینیڈا سے درآمد کیے جانے والے منجمد خنزیر کے گوشت، ٹھنڈے پانی کے جھینگوں، گرین لینڈ ہالی بٹ مچھلی، بعض اقسام کے صدف اور سمندری ککڑی پر عائد 25 فیصد محصولات ختم کرے گا۔
اس پیش رفت کو کینیڈا کی خنزیر کے گوشت کی صنعت نے اہم کامیابی قرار دیا ہے، کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی کشیدگی کے باعث کینیڈین برآمد کنندگان کئی برس سے چینی منڈی تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری میں کارنی اور شی جن پنگ کی پہلی ملاقات کے بعد سے چین کو کینیڈا کی برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس میں تیل، کینولا اور مٹر کی برآمدات بھی شامل ہیں۔
جنوری کی ملاقات میں بیجنگ اور اوٹاوا نے کینیڈین کینولا میل اور کیکڑے سمیت بعض مصنوعات کے لیے چینی منڈی تک رسائی دینے پر اتفاق کیا تھا، جس کے بدلے کینیڈا نے چینی فولاد اور ایلومینیم کی مصنوعات کو اپنی منڈی تک رسائی دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

