کینیڈین وزیراعظم کے مطابق یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں کیلئےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ایک میز پر لانے کی تجویز برازیل کے صدر نے دی تھی
اوٹاوا (ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ، سی این این برازیل) کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی شین ژین میں مجوزہ سہ فریقی ملاقات کا خیال برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے پیش کیا تھا، جس کا مقصد یوکرین جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
مارک کارنی نے یہ بات کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں فرانکوفونی سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ لولا نے انہیں گزشتہ روز بتایا تھا کہ انہوں نے اس ملاقات کی حوصلہ افزائی کی ہے تاکہ یوکرین جنگ ختم کرنے میں مدد مل سکے۔
کارنی نے 15 نومبر کو فلپائن کے شہر منیلا میں آسیان سربراہی اجلاس کے موقع پر برازیلی صدر سے ملاقات کی تھی۔ تاہم کینیڈین وزیراعظم نے یہ واضح نہیں کیا کہ لولا نے تینوں رہنماؤں سے اس تجویز پر کس ذریعے سے رابطہ کیا تھا۔
سی این این برازیل کے مطابق برازیلی حکومتی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ لولا نے جولائی کے اواخر اور اگست کے دوران چین، امریکا اور روس کے صدور سے ٹیلی فونک گفتگو میں یہ تجویز پیش کی تھی۔ لولا نے 21 اگست کو ٹرمپ سے گفتگو کے بعد عوامی طور پر بھی کہا تھا کہ انہوں نے امریکی صدر کو مشورہ دیا ہے کہ اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر شی جن پنگ اور پیوٹن کو ملاقات کے لیے مدعو کیا جائے۔
تینوں رہنماؤں کی ملاقات 19 نومبر کو چین کے شہر شین ژین میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون کے سربراہی اجلاس کے موقع پر متوقع ہے۔ اس ملاقات میں یوکرین جنگ کے علاوہ عالمی سلامتی اور جوہری معاملات پر بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔

