برامپٹن (نمائندہ خصوصی)برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے ایلیمنٹری اسکول کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔میئر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ برامپٹن سٹی کونسل کی جانب سے متاثرہ خاندانوں، دوستوں اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، جن کی زندگیاں اس افسوسناک اور بے معنی تشدد کے واقعے میں ضائع ہوئیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ واقعہ اسکول سے منسلک نہیں اور عوامی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں، تاہم کسی بھی قسم کی مسلح تشدد کی کارروائی ناقابل قبول ہے اور ایسے واقعات کمیونٹی پر گہرے اثرات چھوڑتے ہیں۔
پیٹرک براؤن نے Peel Regional Police اور امدادی اداروں کی فوری کارروائی اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس معلومات ہوں تو وہ پولیس سے تعاون کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ غیر قانونی اسلحہ کے خاتمے اور عوامی تحفظ کے لیے تمام حکومتی سطحوں پر مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے، اور برامپٹن انتظامیہ اس سلسلے میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔میئر نے کہا کہ اس سانحے سے متاثرہ خاندانوں اور پوری کمیونٹی کے ساتھ ان کی ہمدردیاں ہیں، جو اس دکھ کی گھڑی میں صدمے سے گزر رہی ہے۔

