برامپٹن ذرائع(نمائندہ خصوصی)برامپٹن میں کمیونٹی سیفٹی ایڈوائزری کمیٹی (BCSAC) نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کے دوران بھی اپنی میٹنگز براہِ راست محلوں میں منعقد کی جائیں گی تاکہ رہائشیوں کی شمولیت کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق یہ میٹنگز مقامی سطح پر لوگوں کو کمیونٹی سیفٹی سے متعلق گفتگو میں شامل ہونے کا بہتر موقع فراہم کریں گی، جبکہ شہریوں، منتخب نمائندوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان روابط بھی مضبوط ہوں گے۔پہلی میٹنگ 23 اپریل کو شام 7 بجے Riverstone Community Centre میں منعقد ہوگی، جبکہ دوسری میٹنگ 20 اگست 2026 کو ہوگی، جس کا مقام بعد میں بتایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان نشستوں کے دوران شہریوں کو موقع دیا جائیگا کہ وہ شہر کے اعلیٰ حکام اور مقامی اداروں سے براہِ راست کمیونٹی سیفٹی اقدامات کے بارے میں آگاہی حاصل کریں اور اپنے خدشات اور تجاویز پیش کریں۔کمیٹی کے مطابق ان میٹنگز میں ملنے والی آراء برامپٹن میں کمیونٹی سیفٹی سے متعلق پالیسی سازی اور سفارشات میں مددگار ثابت ہوں گی۔
یہ میٹنگز عوام کیلئے کھلی ہوں گی، شہری پیشگی درخواست دے کر اجلاس میں باضابطہ شرکت کر سکتے ہیں جبکہ بغیر رجسٹریشن کے بھی سوالات کرنے کی اجازت دی جائے گی۔برامپٹن کمیونٹی سیفٹی ایڈوائزری کمیٹی کا مقصد شہر میں تحفظ سے متعلق آگاہی پیدا کرنا، مشاورت فراہم کرنا اور عملی اقدامات کی منصوبہ بندی کرنا ہے، جبکہ یہ سٹی کونسل کے لیے بھی رہنمائی کا کردار ادا کرتی ہے۔
کمیٹی کی قیادت ریجنل کونسلر مائیکل پیلسچی بطور چیئر کر رہے ہیں، جبکہ ڈینس کینان وائس چیئر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔حکام کے مطابق کمیٹی شہر بھر سے آراء حاصل کر کے برامپٹن کو ایک محفوظ اور مربوط کمیونٹی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے، جہاں ہر فرد خود کو محفوظ اور بااختیار محسوس کرے۔

