برطانیہ میں مقیم افراد پاکستان اور آزاد کشمیر کے داخلی معاملات سے دور رہیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان نے برطانیہ میں مقیم بعض تارکین وطن کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر سے متعلق دیے گئے بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کالعدم تنظیموں کے حامی عناصر کو ایسی سرگرمیوں سے باز رہنے کیلئےمتنبہ کرے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں آزاد جموں و کشمیر سے متعلق بعض افراد کے بیانات کو بلاجواز، غیر ضروری اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے برطانیہ میں مقیم بعض افراد کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ اور غلط معلومات پر مبنی بیانات کا نوٹس لیا ہے، جو حقائق کے منافی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ایسے عناصر کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں اور اپنے متعلقہ رہائشی ملک میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مثبت کردار ادا کریں۔

دفتر خارجہ نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کالعدم تنظیموں کے حامیوں کو ایسے اقدامات اور سرگرمیوں سے روکنے کیلئےمؤثر اقدامات کرے تاکہ غلط معلومات اور اشتعال انگیز بیانات کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔