برطانیہ، مذہبی گروہ کے مرکز پر چھاپے، جنسی جرائم کے الزامات پر 9 گرفتار

لندن( دی گارڈین، سی بی ایس نیوز، آئی ٹی وی نیوز، چیشائر کانسٹیبلری)برطانیہ میں پولیس نے ایک مذہبی گروہ کے مراکز پر بڑے پیمانے پر چھاپے مار کر جنسی زیادتی، جبری شادی اور جدید غلامی جیسے سنگین الزامات کے تحت 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔

برطانوی میڈیا اور پولیس کے مطابق شمال مغربی انگلینڈ کے علاقے کرو، چیشائر میں تقریباً 500 پولیس اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے ہیڈکوارٹر سمیت تین مقامات پر چھاپے مارے۔

چیشائر پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں 6 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔پولیس کے مطابق مارچ 2026 میں ایک خاتون کی شکایت پر تحقیقات کا آغاز ہوا، جس نے الزام لگایا کہ 2023 میں اس کے ساتھ جنسی زیادتی، جبری شادی اور دیگر جرائم پیش آئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام الزامات ایک ہی متاثرہ خاتون سے متعلق ہیں اور کارروائی ایک طویل اور جامع تحقیقات کا نتیجہ ہے، جبکہ یہ تحقیقات مذہب کے خلاف نہیں بلکہ مخصوص جرائم کے الزامات پر مرکوز ہیں۔پولیس نے مزید بتایا کہ متاثرہ افراد اور وہاں موجود دیگر افراد کے تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ تفتیش جاری ہے۔