رچمنڈ ،برٹش کولمبیا( آر سی ایم پی، کینیڈین میڈیا) برٹش کولمبیا کے ساحل کے قریب چارٹر کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 6 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے جبکہ پولیس نے لاپتا افراد کی تلاش اور کشتی کی بازیابی کیلئے آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس (آر سی ایم پی) کے مطابق اتوار کی صبح اسٹیوسٹن سے روانہ ہونے والی ماہی گیری کی چارٹر کشتی رچمنڈ کے قریب وینکوور بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تقریباً 10 بحری میل جنوب مغرب میں پانی داخل ہونے کے باعث ڈوب گئی۔
پولیس کے مطابق کشتی میں مجموعی طور پر 10 افراد سوار تھے۔ واقعے میں 4 مردوں اور 2 خواتین کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ چار افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔ ان میں سے دو کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ دو دیگر کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔آر سی ایم پی کے مطابق آئندہ چند روز میں زیرِ آب بازیابی کی خصوصی ٹیم موقع پر پہنچ کر ڈوبنے والی کشتی کو تلاش کرنے اور لاپتا افراد کی بازیابی کی کوششیں کرے گی۔

