واشنگٹن(امریکی میڈیا)دنیا کے معروف ارب پتی کاروباری شخصیت اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے بدنامِ زمانہ مالیاتی شخصیت جیفری ایپسٹین کے ساتھ ذاتی تعلقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اس سے اس وقت رابطے ختم کر دیے تھے جب وہ فلاحی منصوبوں کے لیے فنڈنگ کے وعدے پورے نہ کر سکا۔
بل گیٹس نے واشنگٹن میں امریکی ایوانِ نمائندگان کی نگراں کمیٹی کے بند کمرہ اجلاس میں رضاکارانہ طور پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کا جیفری ایپسٹین کے ساتھ کبھی ذاتی تعلق نہیں رہا اور نہ ہی انہوں نے اسے کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث دیکھا یا اس کی غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں کوئی علم تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ کبھی ایپسٹین کے نجی جزیرے، فارم یا فلوریڈا میں واقع رہائش گاہ پر نہیں گئے اور نہ ہی انہوں نے کبھی کسی کو نقصان پہنچایا۔ ان کے بقول اگرچہ ایپسٹین ذاتی تعلق قائم کرنا چاہتا تھا، لیکن انہوں نے اس میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
بل گیٹس نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ایپسٹین کے جرائم سے متاثرہ افراد کو انصاف ملے گا، جبکہ ایپسٹین سے ملاقات کرنا ان کی غلطی تھی اور وہ ان بہت سے لوگوں میں شامل ہیں جو اس شخص کو جاننے پر افسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایپسٹین ان کی ذاتی اور ازدواجی زندگی سے متعلق معلومات استعمال کرتے ہوئے دوبارہ تعلقات بحال کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتا تھا اور اس نے ان کے بارے میں کئی بے بنیاد اور متنازع دعوے بھی کیے۔
بل گیٹس کے مطابق ان کی ایپسٹین سے ملاقاتوں کا آغاز 2011ء میں عالمی صحت کے منصوبوں کے لیے ممکنہ فنڈنگ پر گفتگو کے سلسلے میں ہوا تھا، تاہم 2014ء میں جب متوقع عطیہ دہندگان نے کوئی عملی دلچسپی ظاہر نہ کی تو انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ایپسٹین اپنے وعدے پورے نہیں کرے گا، جس کے بعد انہوں نے اس سے تمام رابطے ختم کر دیے۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 2019ء میں جیل میں مردہ پایا گیا تھا، جبکہ اس کی قریبی ساتھی اس وقت 20 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہے۔

