بھارت نے پہلی بار آپریشن سندور میں ہلاک 6 فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی

نئی دہلی(دی بزنس اسٹینڈرڈ، دی ہندو)بھارت نے مئی 2025 میں پاکستان کے خلاف کیے گئے آپریشن سندور میں ہلاک ہونے والے اپنے 6 فوجی اہلکاروں کی شناخت پہلی بار سرکاری طور پر ظاہر کر دی ہے۔

بھارتی حکومت نے جمعہ کو ان اہلکاروں کے نام نیشنل وار میموریل کی ویب سائٹ کے رول آف آنر میں شامل کیے، جبکہ ان کے نام نئی دہلی میں قائم نیشنل وار میموریل کی گرینائٹ دیواروں پر بھی کندہ کیے جائیں گے۔

سرکاری طور پر جاری کی گئی فہرست کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کے صوبیدار میجر پون کمار، رائفل مین سنیل کمار (ویر چکر)، لانس نائیک دنیش کمار، ایوی ایشن ٹیکنیشن موڈ مرالی نائیک، حولدار سنیل کمار سنگھ جبکہ بھارتی فضائیہ کے سارجنٹ سریندر کمار (وایو میڈل) شامل ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی حکومت نے آپریشن سندور کے دوران ہونے والی فوجی ہلاکتوں کا باضابطہ اعتراف کرتے ہوئے اہلکاروں کی شناخت جاری کی ہے۔ اس سے قبل مئی 2025 میں چار روزہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد میڈیا میں ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم حکومت نے کسی فوجی اہلکار کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔

بھارت نے 7 مئی 2025 کو پہلگام حملے کے بعد آپریشن سندور کا آغاز کیا تھا، جبکہ پاکستان نے بھارتی کارروائیوں کے جواب میں مؤثر دفاعی اور جوابی کارروائی کا دعویٰ کیا تھا۔ دونوں ممالک نے اس دوران ایک دوسرے کو جانی و عسکری نقصان پہنچانے کے دعوے کیے تھے، تاہم جنگ کے دوران سامنے آنے والے متعدد عسکری دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔