بیروت پر اسرائیلی فضائی حملہ، 3 افراد جاں بحق، 15 زخمی

بیروت (لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی،اسرائیلی میڈیا)لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے ضاحیہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

لبنانی ریسکیو ادارے کے مطابق غبیری کے علاقے میں حملے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اب تک تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ ملبہ ہٹانے اور دیگر متاثرین کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملے میں 15 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق حملے کے نتیجے میں قریبی رہائشی عمارتوں، دکانوں اور دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا، جبکہ دھماکے کی شدت سے متعدد عمارتوں کے اگلے حصے متاثر ہوئے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کے دو جنگی طیاروں نے بیروت کے جنوبی علاقے پر چار گائیڈڈ میزائل داغے، تاہم حملے کے ممکنہ ہدف کے بارے میں فوری طور پر مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق لبنان سے حزب اللّٰہ کی ممکنہ جوابی کارروائیوں کے خدشے کے پیش نظر اسرائیلی علاقوں میں خطرے کا الرٹ بڑھا دیا گیا ہے اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔