بین الاقوامی تعاون کے بغیر صحت کے جدید چیلنجز سے نمٹنا ممکن نہیں:سونیاسدھو

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پارلیمنٹ ہل پر عالمی صحت کے نظام کو بہتر بنانے، جدت اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونائٹ تنظیم کے بانی اور صدر ڈاکٹر ریکارڈو بپٹسٹا لیٹے نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو نے ڈاکٹر لیٹے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا شواہد پر مبنی صحت کی پالیسیوں اور عالمی شراکت داری کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون کے بغیر صحت کے جدید چیلنجز سے نمٹنا ممکن نہیں۔

اجلاس میں رکن پارلیمنٹ یاسر نقوی، رکن پارلیمنٹ گر بک سینی، رکن پارلیمنٹ ایلزبیتھ بریئر سمیت کینیڈا کی دو درجن سے زائد اہم صحت تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے صحت کے شعبے میں جدت، عالمی سطح پر تیاری کے نظام کو مضبوط بنانے اور تمام افراد تک مساوی طبی سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بدلتے ہوئے عالمی صحت کے چیلنجز کے پیش نظر مربوط حکمت عملی، شراکت داری اور مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ شرکاء نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر تعاون اور شواہد پر مبنی فیصلے صحت کے بہتر نظام کی بنیاد ہیں۔

سونیا سدھو نے ڈاکٹر ریکارڈو بپٹسٹا لیٹے اور یونائٹ ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا عالمی صحت کے شعبے میں اپنا کردار مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے 2026 میں منیلا میں منعقد ہونے والے یونائٹ عالمی سربراہی اجلاس میں شرکت کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ “آئیے متحد ہوں” تاکہ دنیا بھر میں صحت کا مضبوط اور مؤثر نظام تشکیل دیا جا سکے۔