پشین (نامہ نگار) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں مل بیٹھیں اور قومی حکومت تشکیل دیں۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام پشین کے سردار مصطفی ترین اسٹیڈیم میں جلسے سے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں امریکا اور اسرائیل نے بغیر قصور کے ایران پر آگ برسائی، اور پاکستان کا اپوزیشن اتحاد ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جبر کے خلاف کھڑا ہونا وقت کی ضرورت ہے اور پاکستان کی تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان، پیپلز پارٹی، ن لیگیوں اور دیگر سیاسی جماعتوں سے درخواست کی کہ وہ ان نکات پر متفق ہوں اور کہا کہ فوج اور اداروں کے بغیر ملکی دفاع ممکن نہیں، یہ ہماری فوج ہے۔
جلسے سے خطاب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ رات سے سیکڑوں پی ٹی آئی کارکن گرفتار کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چمن، پشین اور کوئٹہ میں پارٹی کارکنان کے گھروں پر رات گئے چھاپے مارے گئے، اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ گرفتار کارکنان کو فوری رہا کیا جائے۔

