تہران (غیر ملکی میڈیا)ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اپنا دھمکی آمیز لہجہ اور توسیع پسندانہ رویہ تبدیل کرنا ہوگا جبکہ پینٹاگون جھوٹ بول رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے جنگ کے خاتمے کیلئے سفارت کاری کا راستہ کھلا رکھنے کیلئےتیار ہے۔انہوں نے مختلف ممالک سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر، عراق اور آذر بائیجان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطوں میں کہا کہ مذاکرات میں پاکستان باضابطہ ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے انعقاد کا حتمی فیصلہ ہونے پر باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔عباس عراقچی نے امریکا پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پینٹاگون جھوٹ بول رہا ہے اور اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کی پالیسیوں کے باعث امریکا کو 100 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران جنگ کی لاگت بیان کردہ اعداد و شمار سے چار گنا زیادہ ہے، امریکی ٹیکس دہندگان کیلئےبالواسطہ اخراجات اس سے بھی کہیں زیادہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر امریکی گھرانے پر اوسطاً 500 ڈالر ماہانہ بوجھ پڑ رہا ہے جو مسلسل بڑھ رہا ہے، اور “اسرائیل فرسٹ” کا مطلب ہمیشہ”امریکا لاسٹ” ہی ہوتا ہے۔

