تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی جنرل امیر حاتمی سے ملاقات

تہران(ایرانی میڈیا)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ جارحیت کا مقابلہ کرنے میں ایرانی مسلح افواج کی بہادری اور کارکردگی قابلِ ستائش ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق مسعود پزشکیان سے فوج کے کمانڈر اِن چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ، ملکی دفاع اور دفاعی طاقت بڑھانے میں ایرانی افواج کا کردار انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے تمام منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ دشمن کو مضبوط اور مؤثر جواب دینے پر ایرانی افواج کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جبکہ دفاعی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے اور جنگی تیاریوں میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے حساس حالات میں انتظامی اداروں اور مسلح افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایرانی افواج مکمل ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی خطرے یا جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔