تہران(ایرانی سرکاری میڈیا، رائٹرز، اے ایف پی)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کی خارجہ پالیسی باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی دوستانہ تعلقات کے فروغ پر قائم ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ظلم اور استحصال کے خلاف جدوجہد ایرانی سرزمین کی تاریخ کا ایک روشن اور نمایاں باب ہے۔ ان کے مطابق آئندہ دنیا میں استعمار اور استحصال کی پالیسیوں کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کے عوام کی ثقافت میں رواداری اور برداشت کی گہری جڑیں موجود ہیں، جبکہ اسی سرزمین کی تاریخ جبر کے خلاف مزاحمت اور جدوجہد سے بھرپور ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ قومی شناخت ایران کے نام اور وقار کی سربلندی تک جاری رہے گی۔

