تہران: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران پہنچ گئے

تہران( آئی ایس پی آر، رائٹرز، ایرانی سرکاری ذرائع، الجزیرہ)سید عاصم منیر ایران پہنچ گئے، جہاں اُن کا استقبال ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے کیا۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق سپہ سالار اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ خطے میں امن کے قیام اور ایران، امریکا کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔

شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق تہران آمد کے موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران علاقائی سلامتی، جنگ بندی اور دیگر اہم امور پر ایرانی قیادت سے تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران امریکی جنگ بندی تجاویز پر غور کر رہا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کو بھیجی گئی تجاویز میں جوہری پروگرام محدود کرنے، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت یقینی بنانے اور کشیدگی میں کمی سے متعلق نکات شامل ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ خلیجی ممالک اور دیگر اتحادیوں کی درخواست پر ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی مؤخر کی گئی کیونکہ مذاکرات اور معاہدے کے امکانات موجود ہیں۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ سے بچنے کیلئے تمام سفارتی راستے کھلے رکھے ہوئے ہے اور کشیدگی میں کمی کیلئے بات چیت پر آمادہ ہے۔

اس سے قبل محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی، صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں، جن میں جنگ بندی، خطے کی صورتحال اور پاکستان کے ممکنہ ثالثی کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔سفارتی حلقوں کے مطابق پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے پسِ پردہ رابطوں میں متحرک کردار ادا کر رہا ہے جبکہ حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کو اسی سلسلے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔