تہران: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر آمد

تہران(ایرانی میڈیا، آئی ایس پی آر)عاصم منیر نے ایرانی فوج کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کمانڈر علی عبداللہی نے ان کا استقبال کیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل فیلڈ مارشل نے تہران میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی، جس میں اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے تھے، ان کا یہ دورہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات اور ممکنہ جنگ بندی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایران اور پاکستان کا عزم مشترک اور مضبوط ہے، اور انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران میں خیر مقدم کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے، جبکہ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں۔