تیزاب گردی کا شکار کوئٹہ کی خاتون ڈاکٹرکوعلاج کیلئے کراچی منتقل کردیاگیا

کراچی (نمائندہ خصوصی)کوئٹہ میں تیزاب گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والی خاتون ڈاکٹر کا کراچی کے ایک نجی اسپتال میں علاج جاری ہے، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کی حالت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون ڈاکٹر کراچی کی یونیورسٹی روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنے اور مختلف طبی ٹیسٹوں کے بعد معلوم ہوا ہے کہ خاتون ڈاکٹر جسم کے تقریباً 13 فیصد حصے پر جھلس گئی ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق تیزاب کے اثرات سے ان کی آنکھیں بھی متاثر ہوئی ہیں، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ بینائی محفوظ ہے اور ان کی مجموعی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال میں پیش آیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس مقدمے میں مطلوب مبینہ ملزم گزشتہ روز ایک پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا تھا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔