جارج ٹاؤن(اشرف خان لودھی سے) ن لیگ کینیڈاکے زیراہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کے حوالے سےایک تقریب منعقد کی گئی، جس کے میزبان راجہ محمد شفیق اور مرتضیٰ جوئیہ تھے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی تھے، جو ان دنوں کینیڈا کے دورے پر ہیں۔تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن کینیڈاکے صدرسہیل وڑائچ،قونصل جنرل پاکستان ٹورنٹوخلیل احمدباجوہ اور پیرعدنان بودلہ بھی شریک تھے.
حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ سید نہال ہاشمی نے ایک خاتون کے سوال کا جواب دیتے ہوئے برطانیہ میں ملک ریاض کی جائیدادوں اور 190 ملین پاؤنڈ کی رقم پاکستان کو واپس کیے جانے کا معاملہ بیان کیا۔
خاتون نے ملک ریاض کی جائیدادوں کا ذکر ہونے پر کہا کہ لندن کے ایون فیلڈ میں نواز شریف کی بھی جائیدادیں موجود ہیں۔ اس پر نہال ہاشمی نے خاتون سے کہا کہ وہ پہلے ان کی بات مکمل سن لیں، وہ ان سے محبت سے گفتگو کر رہے ہیں اور کہیں جا نہیں رہے۔
نہال ہاشمی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو معلوم ہوا تھا کہ ملک ریاض کی جانب سے جائیدادیں خریدنے کے لیے لائی گئی رقم غیر قانونی ذرائع سے حاصل کی گئی تھی، جس پر برطانوی ادارے نے تحقیقات کیں۔نہال ہاشمی نے کہا کہ وہ خود پاکستان میں وکیل اور فوجداری مقدمات کے ماہر ہیں اور اس معاملے کے قانونی پہلوؤں سے واقف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے بعد ملک ریاض کے حوالے سے یہ نتیجہ سامنے آیا کہ برطانیہ لائی گئی رقم ناجائز ذرائع سے حاصل کی گئی تھی۔ ان کے مطابق ملک ریاض کے ویزے واپس لیے گئے، جائیداد ضبط کی گئی اور برطانوی حکومت نے 190 ملین پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کیا۔ نہال ہاشمی نے دعویٰ کیا کہ ملک ریاض نے جرمانہ ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی، تاہم درخواست کی کہ انہیں جیل نہ بھیجا جائے اور ملک بدر کردیا جائے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ برطانوی حکومت نے 190 ملین پاؤنڈ کی رقم ریاست پاکستان کو واپس بھیجی، تاہم ان کے بقول اس وقت کی حکومت پاکستان کے سربراہ نے یہ رقم ریاست کے خزانے میں رکھنے کے بجائے ملک ریاض کو واپس کردی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ریاست کو واپس ملنے والی رقم مبینہ طور پر اسی شخص کو کیوں لوٹائی گئی جس سے متعلق غیر قانونی ذرائع سے رقم حاصل کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ انصاف صرف غریب آدمی کے لیے نہیں ہونا چاہیے جو ایک روٹی چوری کرنے پر سزا پاتا ہے، بلکہ ریاست کے پیسے میں خیانت کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔انہوں نے اپنے سیاسی ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جیل بھی گئے، لیکن ان کے مطابق وہ کسی مالی معاملے میں نہیں بلکہ لوگوں کے بنیادی حقوق کا دفاع کرتے ہوئے جیل گئے تھے۔
تقریب سے خطاب میں نہال ہاشمی نے پاکستان کی سلامتی اور قومی اداروں کے دفاع پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بڑا کوئی نہیں، ملک کی حفاظت کیلئے قربانیاں دینے والے فوجی اور پولیس اہلکاروں کے بچے بھی اسی قوم کے بچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بچوں اور شہریوں کی شہادتوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور ایسے عناصر کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی نہیں بخشا جانا چاہیے۔انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے پر کیا۔

