جالندھر میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ہنی سنگھ کے بھانجے سمیت 2 نوجوان ہلاک

جالندھر (بھارتی میڈیا)بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں معروف گلوکار یو یو ہنی سنگھ کے بھانجے سمیت 2 نوجوان ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ پولیس لائنز کے قریب ایک فلائی اوور پر پیش آیا، جہاں سالگرہ کی تقریب سے واپس آنے والی کار سڑک پر کھڑی میونسپل کارپوریشن کی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ودت اولاک اور آروو تلوار کے نام سے ہوئی ہے۔ ودت اولاک گلوکار ہنی سنگھ کے بھانجے اور پنجابی موسیقی کی کمپنی اسپیڈ ریکارڈز کے مالک دنیش کے بیٹے تھے، جبکہ آروو تلوار ایک معروف مٹھائی کی دکان کے مالک کے بیٹے تھے۔

پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع رات تقریباً 3 بجے موصول ہوئی۔ میونسپل کارپوریشن کے صفائی کے اہلکار اس وقت فلائی اوور پر صفائی میں مصروف تھے اور کچرا جمع کرنے کے لیے ٹریکٹر ٹرالی سڑک پر کھڑی کی گئی تھی۔ کار بی ایم سی چوک سے بی ایس ایف چوک کی جانب جا رہی تھی کہ ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے سے قبل کار میں 5 افراد سوار تھے، تاہم ودت اولاک اور آروو تلوار کے علاوہ باقی 3 افراد پہلے ہی اپنے گھروں کو واپس جا چکے تھے۔

پولیس کے مطابق دونوں نوجوانوں کے اہل خانہ نے قانونی کارروائی کروانے سے انکار کردیا، جس کے بعد لاشیں ان کے حوالے کردی گئیں۔واقعے کے بعد گلوکار ہنی سنگھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تعزیتی پیغام بھی شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ ان کیلئےانتہائی کڑا وقت ہے،بھانجے کا بچھڑ جانا ان کیلئے تباہ کن صدمہ ہے۔